آن لائن کلاسزکا میاب انعقاد، منہاج یونیورسٹی کی ٹاپ پوزیشن

آن لائن کلاسزکا میاب انعقاد، منہاج یونیورسٹی کی ٹاپ پوزیشن

  

لاہور (خصوصی رپورٹ)منہاج یونیورسٹی لاہور کا اعزاز،طلبہ کے لئے آن لائن کلاسز کے کامیاب انعقاد پر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے منہاج یونیورسٹی لاہور کو ٹاپ پوزیشن حاصل ہو گئی۔ پاکستان میں نجی سیکٹر میں چلنے والی چند یونیورسٹیز میں درجہ بندی میں آن لائن کلاسز کے کامیاب انعقاد پر ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے 100 فیصد نمبر ز حاصل کر کے منہاج یونیورسٹی نے مثال قائم کر دی۔واضح رہے کہ کرونا وائرس سے پیدا شدہ نازک صورتحال میں طلبہ کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لئے منہاج یونیورسٹی لاہور نے نجی سیکٹر میں سب سے پہلے آن لائن کلاسز کا اجرا کیا۔ ڈپٹی چیئرمین بورڈ آف گورنرز منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے ایچ ای سی کی جانب سے منہاج یونیورسٹی کو دئیے گئے اعزاز پر وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹرساجد محمود شہزاد اور پرو وائس چانسلر منہاج یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر محمد شاہد سرویا کو مبارکباد دی۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ و ائس چانسلر اور پرو وائس چانسلر کی قیادت میں آن لائن کلاسز کے کامیاب انعقاد پر تمام ٹیم ممبران مبارکباد کے مستحق ہیں۔

جن کی انتھک محنت سے یہ مشکل کام پایہ تکمیل کو پہنچا۔خاص طور اس پروجیکٹ کی کامیابی پر ڈائریکٹر اکیڈیمکس منہاج یونیورسٹی لاہور ڈاکٹر خرم شہزاد، ڈائریکٹرفنانس عبدالرحمان، ڈپٹی ڈائریکٹر شعبہ آئی ٹی شہزاد احمد،ٹیکنیکل ایڈوائزر محتشم صدیق اور ان کی ٹیم بھی مبارکباد کی مستحق ہے کہ جن کی شبانہ روز محنت سے آن لائن کلاسز کا پروجیکٹ کامیابی سے ہمکنار ہوا۔ڈاکٹر حسین محی الدین قادری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ منہاج یونیورسٹی کے تمام تعلیمی شعبہ جات کے ڈین، سربراہان، اساتذہ کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی کے تمام ملازمین کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے موجودہ نازک صورتحال کے باوجود اپنی ذمہ داریاں کما حقہ ادا کیں۔اور اس بے مثال کامیابی پر یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کرونا وائرس کے خطرات کے باوجود یونیورسٹی انتظامیہ اور تمام ملازمین کا مورال بلند ہے اور امید ہے کہ مستقبل میں کامیابیوں کے اس سفر کو جاری رکھنے کے لئے منہاج یونیورسٹی انتظامیہ،سینئر افسران اور ملازمین اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائیں گے ۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -