چیف ایگزیکٹو لیسکو کا مختلف گرڈ اسٹیشنوں،کمپلینٹ سیل کا دورہ

چیف ایگزیکٹو لیسکو کا مختلف گرڈ اسٹیشنوں،کمپلینٹ سیل کا دورہ

  

لاہور(سٹی رپورٹر) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی لیسکو کے چیف ایگزیکٹو مجاہد پرویز چٹھہ نے گزشتہ روز ٹاؤن شپ گرڈ، جوہر ٹاؤن 1 اور جوہر ٹاؤن 2 گرڈ اسٹیشنز کے ساتھ ساتھ ٹاؤن شپ میں کمپلینٹ سیل کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر مینجر پی آر عمران افضل خان، ڈی ڈی ٹی سینٹرل سرکل رب یار،ایکسین ٹاؤن شپ محسن،ایکسین جوہر ٹاؤن شجاعت بھی ہمراہ تھے۔چیف ایگزیکٹو لیسکو مجاہد پرویز چٹھہ نے گرڈ اسٹیشنز پر کورونا وائرس سے بچنے کے لئے کئے گئے سیفٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ نے تمام متعلقہ افسران اور اسٹاف کو ہدایات جاری کیں کہ اپنے اپنے دفاتر میں الرٹ رہیں اور اپنے کمپلینٹ دفاتر کے نمبروں کو بہرصورت ایکٹو رکھیں اور صارفین کی شکایات کے بروقت ازالے میں کسی بھی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

ساتھ ہی ساتھ ان کا کہنا تھا کہ تمام ملازمین اپنی صحت کو مقدم رکھیں اور کورونا وائرس کے حوالے سے دی گئی سیفٹی ہدایات پر مکمل طور پر عملدرآمد کریں۔

لیسکو چیف نے گرڈ اسٹیشنز کے وزٹ کے دوران ایکسئینز کو خصوصی طور پر ہدایت جاری کیں کہ کسی بھی صورت غیر ضروری پرمٹ نہ دیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریجن بھر میں جاری گرم ترین موسمی اسپیل کے دوران اس بات کو ملحوظ خاطر رکھا جائے کہ ایسے غیر ضروری پرمٹ ہر گز نہ دیئے جائیں جو صارفین کے لئے تکلیف کا باعث بنیں۔لیسکو چیف نے جوہر ٹاون کے کمرشل ایریا کا بھی وزٹ کیا اور وہاں کمرشل صارفین بجلی کی سپلائی کے حوالے سے دریافت کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ لیسکو چیف وہاں کے ایک رہائشی کے گھر بھی گئے اور ان سے بھی بجلی سپلائی کے حوالے سے معلومات حاصل کئیں۔لیسکو چیف مجاہد پرویز چٹھہ کا کہنا ہے کہ لیسکو کے بہادر اور جانباز ملازمین اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اپنی ذمہ داریاں ادا کررہے ہیں اور ہم اپنے معزز صارفین سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے حکومت کی جانب سے دی گئی احتیاطی تدابیر پر عمل کریں اور اپنے آپ کو گھروں تک محدود کریں اور بجلی کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایات کی صورت میں اپنے کمپلینٹ دفاتر سے رابطہ کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -