فردوس مارکیٹ انڈر پاس 90دن میں مکمل کر لینگے،ایس ایم عمران

  فردوس مارکیٹ انڈر پاس 90دن میں مکمل کر لینگے،ایس ایم عمران

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
لاہور (جنرل رپورٹر)لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے وائس چیئرمین ایس ایم عمران نے کہا ہے کہ شہر کی ضرورت کے پیش نظر مصروف مقامات مثلاََبرکت مارکیٹ جنکشن‘اکبر چوک‘جناح ہسپتال‘کریم بلاک جنکشن وحد ت روڈ اور شاہدرہ انٹر سیکشن وغیرہ پر فلائی اوورز‘انڈر پاسز اور سگنل فری کوریڈورزکی تعمیر کے لئے فزیبیلیٹی سٹڈی کروائی جائے گی۔ اپنی انجینئر نگ ٹیم پر مکمل اعتماد ہے‘فردوس مارکیٹ انڈر پاس کا تعمیراتی منصوبہ انشاء اللہ 90دن میں مکمل کر لیاجائے گا۔ اس کی تکمیل کے بعدجام شیریں روڈ پر پیدل سٹرک پارکرنے والوں کی سہولت کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ یہ منصوبہ ایل ڈی اے کے اپنے وسائل سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ شہر کی ترقی ضروری ہے مگر شہریوں کو بنیادی ضرورت کی فراہمی زیادہ ضروری ہے۔ وہ فردوس مارکیٹ انڈرپاس منصوبے پر جاری کام کا معائنہ کرنے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہے تھے۔ اس موقع پر ایل ڈی اے کی گورننگ باڈی کے ممبر انجینئر عامر ریاض قریشی بھی ان کے ہمراہ تھے۔
چیف انجینئر ایل ڈی اے حبیب الحق رندھاوااورپراجیکٹ ڈائریکٹر اقرار حسین نے انہیں منصوبے پر جاری کام کے بارے میں بریفنگ دی۔یہ دو رویہ انڈر پاس 540میٹر طویل اور دونوں طر ف سے دو لینز پر مشتمل ہو گا۔ اس کی تکمیل سے سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گراؤنڈ کی طرف جانے والی ٹریفک کو سہولت ملے گی اور روزانہ 91 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کو فائدہ ہوگا۔ایندھن کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی بچت ہوگی۔اس چوک میں ٹریفک کو اس وقت درپیش مشکلات دور ہوں گی اورشہریوں کا قیمتی وقت ضائع نہیں ہوگا۔ ایس ایم عمران نے پائل بورنگ،کیج لوئرنگ اور کنکریٹ مکسنگ کے کام کا جائزہ لیااورکام کے معیار پر اطمینان کا اظہار کیا۔