سی ای اوز ایجوکیشن کا آن لائن اجلاس، کارکردگی کا جائزہ لیا گیا
لاہور (لیڈی رپورٹر)پنجاب بھر کے سی ای اوز کا آن لائن اجلاس گزشتہ روز منعقد ہوا، اجلاس کی سربراہی سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے کی، اجلاس میں سی ای اوز کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا، جس میں ناقص کارکردگی پر ایجوکیشن اتھارٹیز کے سربراہان کو وارننگ لیٹر جاری کئے گئے جبکہ چکوال، فیصل آباد، بہاولنگر،ملتان اور اٹک سمیت پانچ اضلاع کے سی ای اوز کی کارکردگی کو سراہا گیا، ضلع لاہور کو کارکردگی بہتر بنانے کی ہدایت جاری کردی۔میٹنگ میں سیکرٹری ایجوکیشن سائرہ اسلم نے ڈویلپمنٹ بجٹ خرچ نہ کرنے، انسداد ڈینگی مہم نہ چلانے اور اساتذہ کا ڈیٹا کی تصدیق نہ ہونے پر متعدد سی ای اوز سے وضاحت طلب کی اور سی ای او کو تیس جون تک تمام کتابیں تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے علاوہ سی ای اوز کو پی ایم پورٹل پر درج شکایات کو حل کرنے کی ہدایات کیساتھ تمام ایجوکیشن اتھارٹیز کے سی ای اوز پبلک ڈی لنگ کو بہتر بنانے کا بھی کہا گیا۔