پرائیویٹ سکولز بیک وقت کرونا، مالی بحران سے لڑ رہے ہیں، عالمگیر خان

پرائیویٹ سکولز بیک وقت کرونا، مالی بحران سے لڑ رہے ہیں، عالمگیر خان

  

ملتان (سٹاف رپورٹر) عالمگیر خان فوکل پرسن جنوبی پنجاب پرائیویٹ سکولز حکومت پنجاب و چیئرمین جنوبی پنجاب پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن نے اپنے انٹرویو کے دوران جنوبی پنجاب کے تمام پرائیویٹ سکولز کے فوکل پرسن نامزد کرنے پر حکومت پنجاب کے وزیر تعلیم ڈاکٹر مراد راس، سی ای او ایجوکیشن ملتان محمد ریاض خان کا شکریہ ادا کیا اور حکومت پنجاب کے اس اقدام کو سراہا جس سے اب جنوبی پنجاب کے ہزاروں پرائیویٹ سکولز کی حکومت کی جانب سے تسلیم شدہ مناسب پلیٹ فارم کے ذریعہ آواز سنی جا سکے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ حکومت، والدین اور پرائیویٹ سیکٹر کے سکولز کے مابین پل کا کردار ادا کرنے کے لئے تیار ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ کرونا وائرس کی وباء سے سکولز کو شدید مالی بحران کا سامنا ہے اور خدشہ ہے کہ ان میں سے بہت سے سکول مستقل طور پر بند ہوسکتے ہیں. موجودہ حالات کے پیش نظر انہوں نے حکومت سے عاجزی کے ساتھ سکولز کے لئے کچھ مالی پیکیج کا اعلان کرنے کی درخواست کی جو بیک وقت کرونا وائرس اور مالی بحران سے لڑ رہے ہیں۔آخر میں انہوں نے کہا کہ میں والدین کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ اچھے سکولز کو اعلی تعلیمی معیار مہیا کرنے کے لئے سالوں کی محنت اور مسلسل جدوجہد کی کسوٹی سے گزرنا پڑتا ہے خاص طور پر ان سکولز میں پڑھانے والے اساتذہ جو سالوں تجربے کے بعد اس مقام تک پہنچتے ہیں کہ وہ ان کے بچوں کو بہترین تعلیم کے زیور سے آراستہ کر سکیں۔ اساتذہ ہی کسی بھی تعلیمی ادارے کا قیمتی سرمایہ ہوتے ہیں۔ اس وقت سکول مالکان اور سکولز میں پڑھانے والے اساتذہ اپنے مستقبل کے بارے میں نہایت پریشان ہیں۔ لہذا میں والدین سے درخواست کروں گا کہ مشکل کی اس گھڑی میں اپنے بچوں کے اساتذہ اور سکولز کے ساتھ بھر پور تعاون جاری رکھیں تاکہ جب گورنمنٹ سکولز کھولنے کی اجازت دے تو یہی محنتی اساتذہ آپ کے بچوں کو اعلی معیار تعلیم دینے کے لئے میسر ہوں۔ اور میں سکول مالکان سے بھی درخواست کروں گا کہ وہ طلباء سے رابطہ میں رہیں اور بہترین آئن لائن تعلیم دیتے رہیں تاکہ بچوں کا قیمتی وقت ضائع نہ ہو اور والدین و طلباء سے ان کے تعلیمی و دیگر مسائل کے بارے میں بھرپورتعاون کریں۔

عالمگیرخان

مزید :

ملتان صفحہ آخر -