ملتان:کرونا متاثرہ سٹریٹس دونوں اطراف سے بند،کڑی مانیٹرنگ شروع،آپریشن کے بعد متعدد دکانیں سیل

ملتان:کرونا متاثرہ سٹریٹس دونوں اطراف سے بند،کڑی مانیٹرنگ شروع،آپریشن کے ...

  

ملتان، ڈیر ہ غازی خان،بہاولپور، اوچشریف (سپیشل رپورٹر، نیوزرپورٹر، وقائع نگار، ڈسٹرکٹ بیورو رپورٹ، سٹی رپورٹر، نامہ نگار)ملتان کے کورونا ہاٹ سپاٹ علاقوں میں سمارٹ لاک ڈوان کے تیسرے روز ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر کورونا وائرس کے شکار مریضوں کے رہائشی علاقوں کی گلیاں بھی سیل کر دی گئیں ہیں اورمتاثرہ علاقوں وں اور سٹریٹس کو دونوں اطراف سے ٹینٹ لگا کر بند کردیا گیا ہے جب کہ سمارٹ(بقیہ نمبر48صفحہ10پر)

لاک ڈاون کی زد میں آنیوالے علاقوں کی بڑی سڑکوں کو بیرئیر اور خار دار تاریں لگا کر بلاک کر دیا گیا ہے،سیل کی گئی گلیوں میں پولیس اور سول ڈیفنس کے رضار تعینات ہیں ساتھ ہی ہر متاثرہ علاقے کے لئے محکمہ صحت نے ڈاکٹرز بطور فوکل پرسن نامزد کر دیئے ہیں،علاوہ ازیں محکمہ ریونیو کے سٹاف کی طرف سے متاثرہ علاقوں کی مانیٹرنگ بھی جاری ہے۔گزشتہ روز اسسٹنٹ کمشنرسٹی عابدہ فرید نے ایم ڈی اے چوک،شاہ رکن عالم کالونی اور نیو ملتان کا دورہ کیا،پولیس اور سول ڈیفنس فورس کی تعیناتی کا جائزہ لیا اور ایس او پیز پر عملدرآمد کو بھی چیک کیا،اس دوران نیو ملتان کے"وی بلاک" میں مزید پولیس فورس تعینات کرنے کے لئے چیف سکیورٹی آفیسر کو آگاہ کردیا گیا ہے۔کورونا وائرس کے بچاو کے لئے گائیڈ لائنز کی پابندی نہ کرنیوالے دکانداروں کے خلاف کارروائی جاری ہے اور اسسٹنٹ کمشنر سٹی عابدہ فرید کی قیادت میں ایم اے جناح روڈ پر کارروائی کے دوران ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعدد دکانوں کو سیل کر دیا گیا،اسسٹنٹ کمشنر سٹی نے چوک کمہاراں والا کے اطراف میں واقع پٹرول پمپس پر پٹرول کی دستیابی اور پیمانوں کو بھی چیک کیا،ریونیو آفیسر عبدالغنی خان نے نواں شہر اور کچہری چوک سے گھنٹہ گھر روڈ پر واقع دکانوں کو چیک کیا،ایس او پیز فالو نہ کرنے پر 5 دکانوں کو سیل کردیا گیا،اور خلاف ورزی کرنے والے تین دکانوں کے مالکان پر15 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا،تحصیل صدر کے اربن ایریاز میں واقع مختلف مارکیٹوں کو بھی مانیٹر کیا گیا، ریونیو آفیسر مظفر بھٹہ بستی ملوک میں کارروائی کرتے ہوئے متعدد دکانوں کو سیل کردیا اور دکانوں کے مالکان کے خلاف تھانہ بستی ملوک میں مقدمات بھی درج کرا دئیے گئے ہیں۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر کورونا ایس او پی پیز کی خلاف ورزی کرنیوالے دوکانداروں کے خلاف کاروائی تیز کر دی گئی ہے۔گزشتہ روز ملتان شہر، شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں بھرپور کاروائی کے دوران درجنوں دوکانوں کو سیل کردیا گیا اور مالکان پر ہزاروں روپے جرمانے عائد کر دئے گئے۔سب رجسٹرار کینٹ جمیل حیدر شاہ نے ڈپٹی ڈائریکٹرسوشل ویلفئیر کے ہمراہ مختلف علاقوں کا معائنہ کیا اور کاروائی کرتے ہوئے گردیزی مارکیٹ میں البدر اور اتفاق کلاتھ ہاوس سمیت 3 دوکانیں سیل کردی گئیں اورسیداں والا چوک پر کریانہ سٹور سر بمہر کردیا گیا۔اسی طرح بوسن روڈ پر واقع دو بڑے ہوٹل، ڈی جی سیمنٹ کی ایجنسی،2آٹوورکشاپس،2گیس فلنگ اسٹیشنز اور ایک آٹو ٹریڈرز کی دوکان بھی سیل کر دی گئی۔چوک رشید آباد میں بھی کاروائی کی گئی اور پیزا شاپ کو سر بمہر کر دیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر شجاع آباد محمد مبین احسن شہر کی مختلف مارکیٹوں کا وزٹ کیا اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر18 دوکانوں کو سیل کردیا گیا۔اسسٹنٹ کمشنر جلالپور پیروالا غلام سرور نے بڑے ریسٹورنٹس کے خلاف کاروائی کی اور شہر کے تین ریستورانوں کے مالکان پر25 ہزار روپے جرمانہ عائد کردیا۔ٹیسٹی ہوٹل پر10ہزار روپے،ہجویری10ہزار روپے اور ناصر کیفے پر5 ہزار جرمانہ عائد کیا گیا۔ان ہوٹلوں کے مالکان کو آئندہ ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے پر ہوٹل سیل کرنے کی وارننگ بھی جاری کی گئی۔ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والی ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے خلاف گرینڈ آپریشن جاری ہے،گزشتہ روزجنرل بس اسٹینڈ میں واقع 10 ٹرانسپورٹ کمپنیوں کے اڈے سیل کر دیئے گئے ہیں جب کہ کمپنیوں کے دفاتر بھی سر بمہر کر دئیے گئے ہیں،اس آپریشن کی نگرانی ایڈمنسٹریٹر جنرل بس اسٹینڈ کامران بخاری نے کی جب کہ سول ڈیفنس فورس نے کارروائی میں حصہ لیا،کارروائی بسوں اور ویگن سٹینڈز کے خلاف کی گئی۔اس دوران احمد پور سیال،جام پور،خانیوال اور چشتیاں لیہ،جھنگ،لودھراں اور کبیر والا جانے والی ٹرانسپورٹ کے اسٹینڈز بھی سیل کردیئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ ایس او پیز پر عمل درآمد کے لئے متحرک ہے،ڈپٹی کمشنر عامر خٹک کی ہدایت پر سیکرٹری آر ٹی اے احمد رضا نے بھی گزشتہ روز شیر شاہ ٹال پلازہ پر گاڑیوں کی چیکنگ کی اور 20 گاڑیوں کو تھانے میں بند کر دیا جب کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر گاڑیوں کے مالکان کو65 ہزار روپے جرمانہ بھی کیا گیا ہے۔ پولیس نے کرونا وائرس کی روم تھام کے لئے کارروائیاں تیز کرتے ہوئے دفعہ144کی خلاف ورزی کرنے اور ایس او پیز پر عمل درامد نہ کرنے والوں کے خلاف شہر کے مختلف تھانوں میں 14افراد کے خلاف مقدمات درج کرلئے ہیں۔ کرونا وائرس کے پھیلاو کو روکنے کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے جاری کردہ ایس او پیز پر عمل درامد نہ کرنے والے ملزمان شفقت حسین، زبیر، مجاہد، شوکت، وقاص، سجاول، فداحسین، اشرف، عبدالرحمن، محمد علی، فیصل مختیار، ظیر احمد، محمد اصف، محمد ماجد کو قابو کیا جہنوں پابندی کے باوجود اپنی دوکانیں کھول کر عوام کا رش کئے ہوئے اور نہ ہی جاری کردہ ایس او پی پر عمل درامد کررہے تھے،پولیس نے ملزمان کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات درج کرکے کارروائی شروع کردی ہے۔ ڈیرہ غازی خان میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف ورزی کرنے والے چار دکاندار گرفتار کرکے مزید 12 دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد اسد چانڈیہ نے مارکیٹوں کے معائنہ کرتے ہوئے کارروائی کی۔انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر طاہر فاروق کی ہدایت پر روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹوں میں بلاامتیاز کارروائی کی جارہی ہے۔تاجر تنظیمیں انتظامیہ کا ساتھ دیتے ہوئے کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر بہاول پور مظفر خاں سیال کی ہدایت پر ضلع بھر میں کورونا وائرس ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں متحرک ہیں۔ اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے 20جون 2020ء کو ضلع بھر میں قائم مختلف مارکیٹوں، دکانوں، کاروباری مراکز، بس اور ویگن اسٹینڈز پرموقع پر جا کر فیس ماسک اور دستانے کے استعمال، صابن سے ہاتھ دھونے، سماجی فاصلہ برقرار رکھنے کے امور کا جائزہ لیا تاکہ لوگوں کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھا جا سکے۔ اس دوران 24مقامات پر خلاف ورزی پائی گئی جس پر موقع پر ہی مجموعی طور پر 30000/-روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ 5دکانیں سربمہر کی گئیں، 5دکانداروں کو وارننگ دی گئی جبکہ ایک گاڑی تھانہ میں بند کی گئی۔ اوچ شریف میں لاک ڈاون کی خلاف ورزی کے مرتکب شمس باغ مارکیٹ کے دوکانداروں نے دوکانیں بند کرانے پر پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کی گاڑی کو گھیر لیا تاجروں نے دوکاندار دوکانیں بند کرنے سے انکارکردیا۔تفصیل کے مطابق گزشتہ روز لاک ڈاون پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ قاضی محمد نعیم نے اوچ شریف کی مارکیٹوں میں چھاپے مارے، شمس باغ موبائل مارکیٹ میں دوکانیں کھلی ہونے کی اطلاع پر چھاپہ مارا, کھلی دوکانیں بند کرا کے سیل کرنے کے دوران دکانداروں نے پرائس کنٹرول مجسٹریٹ، فوکل پرسن قاضی نعیم اورعملہ کو گھیر لیا اور کار سرکار میں مداخلت کر کے دوکانیں سیل نہ کرنے دیں دکانیں بند کرنے سے انکار کر دیا، قاضی نعیم نے دیگر مارکیٹوں,خیر پور ڈاہا روڈ,احمد پور شرقیہ روڈ,سرکلر روڈ پر چھاپے مار کر لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر متعدد دوکانیں سیل کرنے کے ساتھ جرمانے بھی کئے اس موقع پر قاضی نعیم نے کہا لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی کارسرکار میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائیگی.

سیل

مزید :

ملتان صفحہ آخر -