صوبائی بجٹ مسترد کرتے ہیں، فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں،ثمر بلور

صوبائی بجٹ مسترد کرتے ہیں، فلاح و بہبود کیلئے کچھ نہیں،ثمر بلور

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
پشاور(سٹی رپورٹر)عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان ثمر ہارون بلور نے کہا ہے کہ اے این پی صوبائی حکومت کی بجٹ مکمل طور پر مسترد کرتی ہے کیونکہ اس بجٹ میں غریب عوام کی فلاح وبہبود کے لئے کچھ نہیں رکھا۔ باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی مرکز میں حکومت کے باوجود صوبے کو اپنے حقوق حاصل نہیں۔ صحت انصاف کارڈ کا اعلان اس سے پہلے بھی کیا گیا، اگر صحت انصاف کارڈ کورونا وبا میں فراہم نہیں کئے گئے تو اسکے بعد عوام صحت انصاف کارڈ کا کیا کرے گی؟ انہوں نے مزید کہا کہ ایوان میں حکومت نے حقیقی بجٹ پیش نہیں کیا، حکومت کا اسمبلی فلور پر بیان الگ اور حقیقت میں کچھ اور ہوتا ہے۔ اے این پی کی صوبائی ترجمان کا کہنا ہے کہ کورونا تو پچھلے تین مہینے سے ہے مگر اس سے پہلے حالات نارمل تھے اور حکومت نے ڈیلور نہیں کیا، صوبائی اسمبلی مین خواتین کو حقوق حاصل نہیں اور حکومت خواتین کو ترجیح نہیں دے رہی، انہیں فنڈز نہیں دیے جارہے۔ انکا کہنا تھاکہ پورے بجٹ تقریر میں خواتین کے حوالے سے کوئی بات ہی نہیں کی گئی، جبکہ خواتین دھرنا دے دے کر تھک گئیں حکومت ٹھس سے مس نہیں ہوتی، ہمارے تمام فنڈز لیپس ہو چکے ہیں۔ جو کام مرد ایم پی اے کر سکتا ہے وہ خواتین بھی کر سکتی ہے۔ بجٹ کے حوالے سے عوامی نیشنل پارٹی کی صوبائی ترجمان نے کہا کہ اندورن پشاور کے لیے صرف 55 کروڑ روپے مختص ہیں جو کچھ بھی نہیں۔ پاکستان تحریک انصاف کورونا کے بارے میں سنجیدہ نہیں۔ پچھلے دو مہینوں میں حکومت کورونا کے حوالے سے ایک اجلاس نہ بلاسکی۔ ثمرہارون بلور نے کہا کہ وومن کوکس ایک اچھا پلیٹ فارم ہے جہاں ہر کوئی اپنی بات کر سکتا ہے مگر جب بات مرد ایم پی اے کے پاس چلی جاتی ہے تو پھر ان پر عمل درآمد نہیں ہوتا۔