سعودی عرب میں ہولناک ٹریفک حادثہ، 4پاکستانیوں سمیت 9افراد جاں بحق

سعودی عرب میں ہولناک ٹریفک حادثہ، 4پاکستانیوں سمیت 9افراد جاں بحق

  

جدہ(آن لائن) سعودی عرب کے شہر حائل میں خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 9افراد جاں بحق ہو گئے ہیں جن میں 4 پاکستانی تارکین بھی شامل ہیں۔ گلف نیوز کے مطابق یہ حادثہ حائل شہر سے 250 کلومیٹر دْور پیش آیا جس کے نتیجے میں دو گاڑیوں میں سوار 9 افراد موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پانچ افرادپر مشتمل سعودی خاندان اپنی گاڑی میں سفر کر رہا تھا جب سامنے سے آنے والی ایک پک اپ ان کی کار سے ٹکرا گئی۔جس کے نتیجے میں دونوں گاڑیوں میں آگ لگ گئی جس کے باعث ایک ہی سعودی خاندان کے پانچ افراد اور پک اپ میں سوار چاروں پاکستانی موقع پر ہی دم توڑ گئے۔ جب تک ابتدائی طبی امداد کی ٹیمیں موقع پر پہنچتیں، کوئی مسافر بھی زندہ نہیں بچا تھا۔تمام لاشوں کو حائط کمشنری کے مردہ خانے میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق سعودی فیملی حائل کی رہائشی تھی۔اس خاندان کا سربراہ حائل میں پولیس سارجنٹ تھا جن کا نام مرزوق الرشیدی بتایا گیا ہے۔ مرزوق اپنی بیوی، دو بیٹیوں اورایک بیٹے کے ہمراہ اپنے ایک رشتہ دار کے ہاں جا رہے تھے۔ تاہم انہوں نے اپنے 17 سالہ بڑے بیٹے کو گھر پر ہی چھوڑ دیا تھا، ورنہ اس کی زندگی بھی شاید محفوظ نہ رہ پاتی۔ جبکہ پک اپ میں سوار پاکستانی بھی ایک دوسرے کے جاننے والے تھے۔فی الحال پاکستانی کارکنوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔

سعودیہ حادثہ

مزید :

پشاورصفحہ آخر -