ادویات کی مناسب قیمتیں اور سپلائی یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ

ادویات کی مناسب قیمتیں اور سپلائی یقینی بنانے کیلئے سخت اقدامات کا فیصلہ

  

لاہور (جنرل رپورٹر) وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق صوبہ میں ادویات کی بلیک مارکیٹنگ اور ذخیرہ اندوزی کرنے والوں کے خلاف بے رحمانہ کارروائی شروع کرنے کے سلسلے میں صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال اور چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کا اہم اجلاس ہوا۔آئی جی پنجاب پولیس شعیب دستگیر، ڈویژنل کمشنرز اور آرپی اوز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اعلی سطح کے اجلاس میں ادویات کی مناسب قیمتوں پر فراہمی اور سپلائی کو یقینی بنانے کیلئے سخت ترین اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تمام سرکاری اور نجی ہسپتال وینٹی لیٹرز کے چارجز کو فروری2020 پر منجمد کرنے کے ہیلتھ کیئر کمیشن کے فیصلے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔ اجلاس میں کوویڈ19کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر 10سے15ہزار آکسیجن سلنڈر منگوانے کیلئے وفاقی حکومت سے رابطے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ چیف سیکرٹری نے آئی جی پنجاب پولیس کو ہدایت کی کہ ا ٓکسیجن فراہم کرنے والی گاڑیوں کو 24گھنٹے چلنے کی اجازت ہوگی۔ گاڑیوں کو صوبے میں کسی جگہ نہیں روکا جائے گا، آکسیجن بنانے والی کمپنیوں کو بجلی کی بندش سے استثنیٰ دینے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور انتظامیہ کو ہدایت کی گئی کہ صوبے میں ماسک کی پابندی سے متعلق احکامات پر عملدرآمد کرایا جائے خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے، اجلاس میں صوبے میں چینی کے سٹاکس کا ریکارڈ تین دن میں تیار کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔

اہم اجلاس

مزید :

پشاورصفحہ آخر -