"ہیپی برتھ ڈے شرجیل "اربوں کی کرپشن کے ملزم کو بیوی کی جانب سے کروڑوں روپے کے گھر کا تحفہ

"ہیپی برتھ ڈے شرجیل "اربوں کی کرپشن کے ملزم کو بیوی کی جانب سے کروڑوں روپے کے ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کو گزشتہ روز ان کی سالگرہ پر ان کی اہلیہ کی جانب سے محل نما عالیشان گھر تحفے میں دیا گیاہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی گھر کی ویڈیو بتاتی ہے کہ یہ عالیشان گھر کروڑوں روپے مالیت کا ہوگا۔  یوٹیوب پر موجود ایک ویڈیو میں پرتعیش  گھر کے اندرونی مناظر دیکھے جاسکتے ہیں جس میں اس لمحے کو فلمایا گیا ہے جس میں شرجیل میمن کو گھر تحفتا دیتے ہوئے دکھایا گیاہے۔

ویڈیو میں شرجیل میمن کی اہلیہ کی جانب سے سالگرہ کی مبارکباد دیتے ہوئے سنا جاسکتا ہے۔صدف میمن کو یہ کہتے بھی سنا جاسکتا ہے کہ آپ 45برس کے ہوچکے جس پر شرجیل کہتے ہیں نہیں میں چھیالیس کا ہوچکا ہوں تو ان کی اہلیہ کہتی ہیں  پھر وہ تو 40 برس کی ہوں گی۔

واضح رہے کہ شرجیل میمن کے خلاف آمد سے زائد اثاثوں کے کیس میں شرجیل میمن کی اہلیہ کو نیب متعدد بار طلب کرچکی ہے۔ نیب نے شرجیل میمن کے خلاف جو ریفرنس دائر کیا تھا، اس ریفرنس میں شرجیل میمن کی اہلیہ صدف شرجیل بھی ملزم نامزد ہیں۔

نیب کا موقف تھا کہ شرجیل میمن، بیگم اور دیگر ملزمان کے خلاف ٹھوس شواہد موجود ہیں، ملزمان نے آمدن سے زائد اثاثے بنائے، جس کا مکمل ریکارڈ موجود ہے، ملزمان پر دو ارب 27 کروڑ اور 9 لاکھ روپے کی کرپشن کا الزام ہے۔ بعدازاں شرجیل میمن کوعدالت نے ضمانت دیدی تھی اور آج تک شرجیل میمن ضمانت پر ہیں۔