بی این پی کی تحریک انصاف سے علیحدگی پر مولانا فضل الرحمان بھی میدان میں آگئے
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن ) امیر جمعیت العلمائے اسلام مولانا فضل الرحمان نے بی این پی کی پاکستان تحریک انصاف سے سیاسی علیحدگی کو امید کی کرن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کی دیگر سیاسی اتحادی جماعتوں کو بھی اب کلمہ حق کہہ دینا چاہیے۔
۔ سابق وزیراعلیٰ اختر مینگل نے مولانا فضل الرحمان سے ان کی رہائش گاہ پرملاقات کی ہے۔ملاقات کے بعد میڈ یا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ حکومت کی دیگراتحادی جماعتوں کوبھی اب کلمہ حق کہہ دیناچاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ضمیرکے خلاف کسی کی پیروکاری کرناعزت رکھنے والے پاکستانی کے شایان شان نہیں ہے۔امیر جے یو آئی نے کہا کہ جعلی وزیراعظم کواندازہ نہیں ہے ان کی اپنی مقبولیت بھی منفی میں چلی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب بجٹ منفی میں چلا جائے تواس سے حکومت کی مقبولیت بھی منفی میں چلی جاتی ہے۔