کراچی میں خطرناک قسم کی پھپھوندی کا کیس رپورٹ

      کراچی میں خطرناک قسم کی پھپھوندی کا کیس رپورٹ

  

 کراچی(این این آئی) سول ہسپتال کراچی میں کینڈیڈا اورس فنگس کا کیس رپورٹ ہوگیا، کینڈیڈا اورس فنگس سے متاثرہ6 سالہ بچہ سول ہسپتال کے بچہ وارڈ میں زیر علاج ہے، ماہرین نے مرض پھیلنے کے خدشے کے سبب احتیاطی تدابیر اپنانے کا مشورہ دیاہے۔ذرائع کے مطابق سول ہسپتال کے شعبہ متعدی امراض کے ماہرین ڈاکٹر مدیحہ ستار انصاری اور ڈاکٹر عزیز اللہ خان نے رتھ فاؤ سول ہسپتال کراچی کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ اور انتظامیہ کو خط لکھ دیا جس میں کہا ہے کہ کینڈیڈا اورس فنگس سے متاثرہ بچہ رواں سال اپریل سے بچوں کے پیڈس یونٹ 2 میں زیر علاج ہے، جون میں بچے کی رپورٹس میں کینڈیڈا اورس فنگس کی تصدیق ہوئی تھی، یہ مرض بہت تیزی سے پھیلتا ہے اور ایک سے دوسرے فرد کو منتقل ہوسکتا ہے۔خط میں ڈاکٹروں نے کہا ہے کہ یہ مرض آئی سی یو میں داخل مریض اور کمزور مدافعتی نظام کے مریضوں کو زیادہ متاثر کرسکتا ہے، علاج پر مامور طبی عملہ بھی اس مرض کا شکار ہوسکتا ہے، اس کا علاج بہت مہنگا اور مشکل ہے، عملے سمیت دیگر مریضوں کو کینڈیڈا اورس فنگس سے بچانے کیلئے ماحول کو صاف رکھا جائے، وارڈ میں ڈس انفیکشن سپرے کرنے سمیت اور آلات کوسٹرالائز کیا جائے۔شعبہ متعدی امراض کی ماہر ڈاکٹر مدیحہ نے اس ضمن میں بتایاکہ یہ پاکستان کا پہلا کیس نہیں ہے اس سے قبل بھی کئی لوگ متاثر ہوچکے ہیں لیکن یہ مرض اس لیے خطرناک ہے کیونکہ یہ کب کس کو لگ جائے پتا نہیں چلے گا۔انہوں نے کہا کہ اس کی تشخیص صرف آغا خان لیبارٹری کے ذریعے ہی کی جاسکتی ہے۔

پھپھوندی کیس

مزید :

صفحہ آخر -