میری ٹائم سٹیک ہولڈرز، ہائیڈ رو گرافی کی آگہی کیلئے مشترکہ کوششیں کریں 

  میری ٹائم سٹیک ہولڈرز، ہائیڈ رو گرافی کی آگہی کیلئے مشترکہ کوششیں کریں 

  

 کراچی(این این آئی)پاکستان سمیت دنیابھرمیں عالمی یومِ ہائیڈروگرافی آج منایاجائے گا،عالمی یومِ ہائیڈروگرافی پوری دنیا میں 21 جون کو منایا جاتا ہے تاکہ کھلے سمندروں اور بندرگاہوں میں محفوظ جہاز رانی کو ممکن بنانے کیلئے ہائیڈروگرافی کے شعبے میں کئے گئے کام کو سراہا جاسکے۔رواں سال عالمی یومِ ہائیڈروگرافی کاموضوع“ہائیڈروگرافی میں بین الاقوامی تعاون کے سو سال'' ہے۔ اس موضوع کا مقصد پچھلے سو سالوں میں اس شعبے کے علم اور ٹیکنالوجی میں ہونے والے اضافے پر روشنی ڈالنا اور 1921 میں بین الاقوامی بیورو برائے ہائیڈروگرافی کے قیام کے سو سال کو منانا ہے۔عالمی یومِ ہائیڈروگرافی پر چیف آف  نیو ل سٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاک بحریہ ہر سال یہ دن مناتی ہے تاکہ بحری سرگرمیوں میں ہائیڈروگرافی کی اہمیت کو اجاگر کیا جاسکے۔ میں تمام میری ٹائم سٹیک ہولڈرز سے گزارش کرتا ہوں کہ ہائیڈروگرافی اور اس سے متعلق سرگرمیوں کی آگہی کے لئے مشترکہ کوششیں کریں۔ اس دن کو منانے کا بنیادی مقصد ہائیڈروگرافی کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے جس کے تحت سمندر سے متعلق تمام سرگرمیاں بشمول محفوظ جہاز رانی، معاشی ترقی، سکیورٹی و دفاع، ماحولیاتی تحفظ، بندرگاہوں اور ہاربر کی تعمیر، ساحلی علاقوں کی مینجمنٹ، بحری سرحدوں کی حد بندی و دیگر امور شامل ہیں،دیگر ساحلی ممالک کی طرح پاکستان بھی اپنی سمندری حدود کے ہائیڈروگرافک سروے اور ناٹیکل چارٹس اور نقشے بنانے کا ذمہ دار ہے تاکہ جہاز رانوں کو درست ناٹیکل معلومات فراہم کی جاسکیں۔ پاکستان کی جانب سے یہ بین الاقوامی ذمہ داری پاکستان ہائیڈروگرافک ڈیپارٹمنٹ پوری کرتا ہے۔ پاکستان کے پاس مخصوص معاشی زون میں دو لاکھ 40 ہزار مربع کلومیٹر کا سمندری علاقہ آتا ہے جب کہ ایک ہزار کلومیٹر سے زائد کی ساحلی پٹی ہے۔ 2015 میں اقوام متحدہ کے متعلقہ کمیشن سے اضافی 50 ہزار مربع کلومیٹر کا رقبہ حاصل کیا تھا۔

سربراہ پاک بحریہ

مزید :

صفحہ آخر -