حکومت امریکہ سے ہونیوالے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرے، سراج الحق کا مطالبہ 

  حکومت امریکہ سے ہونیوالے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرے، سراج الحق کا ...

  

  فیصل آباد(این این آئی)امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا ہے حکومت امریکہ سے ہونے والے معاہدے قومی اسمبلی میں پیش کرے،وزیر اعظم کا اڈے نہ دینے کا اعلان بجا ہے،کرپشن کے ایک درجن نئے میگا سکینڈلز کا تعلق حکومت کیساتھ ہے،پی ٹی آئی مہنگائی، بے روزگاری اور کرپشن کا سونامی لائی۔نیب کا ادارہ نا کام اور خود قابل احتساب ہے،احتساب کے نام پر ڈرامہ اب انتقام میں بدل چکا ہے،حکومت میں کرپٹ مافیا موجیں کر رہا ہے،اپوزیشن کو دبانے کے لیے نیب کا استعمال کیا جا رہا ہے،نیب کو اپنا غیر جانبدارانہ کردار ثابت کرنا چاہئے،حکومت نے گزشتہ تین سالوں میں عوام کو مسلسل دھوکہ دیا اور کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا،بجٹ کی منظوری سے پہلے ہی حکومت قیمتیں بڑھانے کے حوالے سے چھ یوٹرن لے چکی،دنیا بھر میں مسلمانوں کو تقسیم کر کے نشانہ بنایا جا رہا ہے، ملک مشکل حالات سے گزر رہا ہے۔ علما ئے کرام کو کردار ادا کرنا ہوگا،مسلمانوں کو آپس میں اختلافات ختم کر کے اتحاد اور بھائی چارے کو فروغ دینا چاہیے،ایسا پاکستان چاہتے ہیں جہاں خواتین کی عزت اور ان کا مستقبل محفوظ ہو۔مغرب کے ایجنڈے پر کام کرنے والے ادارے انسانیت اور خاندانی نظام تباہ کرنا چاہتے ہیں،خواتین کو وراثت میں ان کا حق دیا جائے اور الیکشن کمیشن ایسے مرد کو الیکشن میں حصہ نہ لینے دے جو اپنی بہن کو وراثت میں حق نہ دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے علماء کنونشن، خواتین کے اجتماع اور ضلعی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر جماعت نے اپنی مرکزی اور صوبائی ٹیم کے ساتھ تین روزہ دورے کے دوران دعوتی، تربیتی اور تنظیمی سرگرمیوں کے علاوہ بار کونسل، تاجر برادری، کسانوں، طلبہ اور موثر شخصیات سے ملاقاتیں کی۔ امیر جماعت وسطی پنجاب جاوید قصوری اور ضلعی امیر محبوب الزماں بٹ بھی ان کے ہمراہ تھے۔سراج الحق نے وزیراعظم کی طرف سے امریکہ کواڈے نہ دینے کے اعلان کے بعدامریکہ سے ہونے والے تمام معاہدوں کوپارلیمنٹ میں لانے اورقوم کوآگاہ کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ قوم کو شبہ ہے کہ اگرحکومت نئے معاہدے نہیں کررہی توپرانے معاہدوں کی تجدیدکررہی ہے۔انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے الیکشن سے متعلق بنائے گئے قوانین ناقابل قبول ہیں، اپوزیشن اور حکومت مشترکہ طور پر شفاف الیکشن کا لائحہ عمل بنائیں۔ن لیگ، پی پی اور پی ٹی آئی کا ایجنڈا عالمی مالیاتی اداروں کا ایجنڈا ہے۔ آئی ایم ایف کی شرائط پر بنایا گیا بجٹ پیش کیا گیا۔

سراج الحق کا مطالبہ 

مزید :

صفحہ آخر -