کورونا، مزید  37اموات، ویکسین کی 15لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں، وقتی قلت ختم، سندھ میں آج سے تعلیمی عمل مکمل بحال

  کورونا، مزید  37اموات، ویکسین کی 15لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئیں، وقتی ...

  

   اسلام آباد،کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوزایجنسیاں) ملک بھر میں کورونا سے مزید 37افراد جاں بحق ہونے کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 21977تک پہنچ گئی ہے،گزشتہ روز مزید 1050افراد وبا میں مبتلا ہوئے۔ اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران 41065 کوروناٹیسٹ کیے گئے، مثبت کیسز کی شرح 2.55فیصد ریکارڈ کی گئی۔ کورونا وائرس کی ویکسین سائنو ویک کی 15 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں۔این سی او سی کے مطابق سائنو ویک ویکسین کی یہ 15 لاکھ خوراکیں پی آئی اے کی خصوصی پرواز سے وفاقی داراحکومت اسلام آباد لائی گئیں۔سائنو ویک ویکسین چین سے خریدی گئی، چین نے پاکستان میں ویکسین کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کیلئے خصوصی اقدامات کیئے ہیں۔کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق آئندہ ہفتے 20 سے 30 لاکھ ویکسین کی مزید خوراکیں پاکستان پہنچ جائیں گی۔واضح رہے کہ کورونا وائرس کی ویکسین کی قلت کے باعث ملک بھر میں کورونا ویکسی نیشن سینٹرز بند کیئے گئے تھے جو آج سے دوبارہ کھل جائینگے۔دوسری جانب پاکستان نے فائزر ویکسین کی مزید ایک کروڑ 30 لاکھ خوراکیں حاصل کرنے کا بھی معاہدہ کر لیا۔ذرائع کے مطابق اس سودے کے تحت ویکسین کی پہلی کھیپ جولائی کے آخر تک پاکستان پہنچ جائے گی۔ذرائع کے مطابق روسی ویکسین اسپوٹنک کی بھی ایک کروڑ خوراکیں پاکستان پہنچیں گی، جن میں سے 10لاکھ خوراکوں پر مشتمل پہلی کھیپ آئندہ ماہ کے پہلے ہفتے میں پہنچ جائیگی۔ذرائع وزارت صحت کے مطابق پاکستان اگست کے شروع میں ایسٹرا زینیکا ویکسین کی بھی ایک کروڑ 20 لاکھ مزید خوراکیں حاصل کرے گا۔دوسری جانب معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق چینی ویکسین کی 15لاکھ خوراکیں پیر تک پاکستان پہنچ جائیگی جبکہ 22 اور 23جون تک چینی ویکسین کی مزید لاکھوں خوراکیں پاکستان پہنچیں گی۔ادھر حکومت نے مقامی کوروناویکسین کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ کرلیا، آئندہ ماہ سے پاک ویک ویکسین کی بڑے پیمانے پر تیاری کا آغاز ہوگا۔اس حوالے سے ذرائع نے کہا ہے کہ ماہانہ30لاکھ ڈوز کی تیاری سے ویکسین دستیابی میں سہولت ہوگی۔دوسری جانب محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے بھر کے تعلیمی اداروں میں عملی طور پر تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا،(آج)21 جون پیر سے صوبے بھر کے تمام اسکولوں میں تعلیمی عمل مکمل طور پر بحال ہوجائے گا، محکمہ تعلیم سندھ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق 21 جون بروز پیر سے تمام سرکاری و نجی اسکولوں میں پرائمری تا پانچویں جماعت میں عملی طور پر تدریسی عمل کا آغاز ہوگا، یہ فیصلہ سندھ کورونا ٹاسک فورس کے اجلاس میں کیا گیا۔

کورونا وائرس

مزید :

صفحہ اول -