پولیس اور انتظامیہ سیاسی دباؤ سے آزاد، ہر کام یرٹ پر کیا جاتا ہے: عثمان بزدار

  پولیس اور انتظامیہ سیاسی دباؤ سے آزاد، ہر کام یرٹ پر کیا جاتا ہے: عثمان ...

  

لاہور(خصوصی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیر اعلی آفس میں انصاف لائرز فورم کے صدر عمیر نیازی کی قیادت میں وکلاء کے وفدنے ملاقات کی-ایڈووکیٹ جنرل پنجاب احمد اویس بھی اس موقع پر مومود تھے-وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں خود وکیل ہوں اور وکلاء برادری کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں -ہماری حکومت نے وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لئے عملی اقدامات کئے ہیں -انصاف لائرز فورم نے فوری انصاف کی فراہمی کے لئے کلیدی کردار ادا کیاہے-ملک میں جمہوری روایات او رآئین کی بالادستی کے لئے وکلاء برادری کی خدمات قابل تحسین ہیں -پنجاب حکومت نے تحصیل،ڈسٹرکٹ،ڈویژن اورہائی کورٹ بارایسوسی ایشنز کے لئے 25کروڑ روپے کی خطیر رقم مختص کی ہے-حال ہی میں بار ایسوسی ایشنز کو گرانٹ ان ایڈ کے چیک دئیے ہیں -مشکلات کے باوجود کورونا سے متاثرہ وکلاء برادری کی بھرپور مالی امداد کی - ماضی کی حکومتوں نے وکلاء برادری کے مسائل کو یکسر فراموش کئے رکھا۔سابق حکمرانوں نے صرف ذاتی مفادات کا تحفظ کیا۔وزیراعلی نے کہا کہ جلد لاہور میں انصاف لا ئرز فورم کا گرینڈ کنونشن بلایا جائے گاجس میں وکلاء برادری کے لئے خصوصی پیکیج کااعلان کریں گے-وکلاء برادری کو ہیلتھ کارڈز بھی دئیے جائیں گے-وکلاء برادری کی رہائش کا مسئلہ حل کرنے کے حوالے سے جلد خوشخبری دیں گے-لاہور میں وکلاء برادری کیلئے سٹیٹ آف دی آرٹ ٹاور بنانے کا پروگرام بنایا ہے-آپ دوستوں کے ساتھ ملاقاتوں کا سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا - وکلاء برادری کی فلاح وبہبود کیلئے مزید اقدامات کئے جائیں گے۔میں وزیراعلیٰ آفس میں آپ کا وکیل ہوں -پنجاب میں ہر کام میرٹ اورانصاف پر کیا جاتاہے-پولیس اورانتظامیہ کو سیاسی دباؤ سے آزاد کیا ہے-ماضی میں مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا-ہماری حکومت نے سیاسی انتقام کے اندھے کلچر کا خاتمہ کیا ہے-انصاف لائرز فورم کے عہدیداران نے وکلاء برادری کے مسائل کے حل کے لئے اقدامات اور گرینڈ کنونشن کے انعقاد کے حوالے سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے اظہار تشکرکیا-عہدیداران انصاف لائرز فورم نے اس موقع پر کہا کہ ہم آپ کی ٹیم ہیں اورآپ پر پورااعتماد ہے-آپ کے دور میں وکلاء برادری کی فلاح کے لئے حقیقی معنوں میں کام ہو رہا ہے -وفد میں ایم پی اے زینب عمیر ایڈووکیٹ،انصاف لائرز فورم پنجاب کے صدر انیس ہاشمی،کاشف بشیر، رانا مدثر،محمد علی کھرل،شیخ  شوکت، افضل عظیم،نوید سہیل او ردیگر عہدیداران شامل تھے- وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے وزیر اعلی آفس میں اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی-منتخب نمائندوں نے عوام، کسان، محنت کش، صنعت کار اور ملازم دوست بجٹ پیش کرنے پر وزیر اعلی عثمان بزدار کو مبارکباد دی-اراکین اسمبلی نے کہا کہ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے صوبے کی پائیدار ترقی کا زبردست روڈ میپ دیا ہے -560 ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی پروگرام سے صوبے میں خوشحالی کے نئے باب رقم ہوں گے-یکساں ترقی کے حوالے سے آپ کا ویژن خوش آئند ہے - ہر ضلع کے لئے علیحدہ ڈویلپمنٹ پیکیج سے محرومیوں کا ازالہ ہو گا-وزیر اعلی عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پنجاب کے تمام اضلاع خصوصا پسماندہ علاقوں کا حق ہے - کسی شہر یا علاقے کی حق تلفی نہیں ہو گی- ماضی کے حکمرانوں نے پسماندہ علاقوں کے فنڈز من پسند شہرو ں پر خرچ کئے -سابق دور میں فنڈز کی غیر منصفانہ تقسیم کے ذریعے یکساں ترقی کو یکسر نظر انداز کیا گیا- غلط پالیسیوں اورنمائشی منصوبو ں کے ذریعے پسماندہ اضلاع اور ترقی یافتہ اضلاع میں واضح تفریق پیدا کی گئی-ہماری حکومت نے اس نا انصافی کو ختم کیا ہے -انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے دور میں ملک پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے۔ عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بے شمار اقدامات کئے ہیں۔ حکومتی امور میں سادگی لانے سے اخراجات میں نمایاں کمی آئی ہے۔ ہماری سمت درست اور نیت نیک ہے۔وزیر اعلی عثمان بزدار سے ملاقات کرنے والوں میں نذیر احمد خان، رضا حسین بخاری، راجہ یاور کمال خان، سردار آفتاب اکبر خان، محمد سلیم اختر اور میاں طارق عبداللہ شامل تھے-

وکلاء

 سردار عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -