اپوزیشن انتخابی اصلاحات کیلئے قانون سازی میں تعاون کرے،علی زیدی 

 اپوزیشن انتخابی اصلاحات کیلئے قانون سازی میں تعاون کرے،علی زیدی 

  

 اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر بحری امور سید علی حیدر زیدی نے کہا ہے اپوزیشن انتخابی اصلاحات اور آئی ووٹنگ کیلئے قانون سازی میں حکومت کیساتھ تعاون کرے،  اپوزیشن نے جن تحفظات کا اظہار کیا ہے ان کا جائزہ لیا جائے گا۔ اپوزیشن جماعتوں کے قائدین پر کیسز پرانے ہیں اور نیب آزادانہ طور پر بدعنوان عناصر کیخلاف تحقیقات کر رہا ہے۔ ایک انٹرویومیں انہوں نے کہا تحریک انصاف کے اقتدار میں آنے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا پہلے دن سے رویہ غیر جمہو ر ی اور غیرمہذبانہ ہے، ان لوگوں نے وزیراعظم عمران خان کو آج تک تقریر نہیں کرنے دی، جب بھی وہ تقریر کرتے ہیں یہ آوازیں کستے ہیں، قومی اسمبلی میں جو ہنگامہ آرائی ہوئی اس کی مذمت کرتا ہوں تاہم اس کی ذمہ دار اپوزیشن ہے، یہ لوگ پہلے ڈیلیں کرتے ہیں کہ ہم آپ کی تقریریں بھی سنیں گے لیکن بعد میں جب ہماری تقریر کی باری آتی ہے تو یہ واک آٹ کر جاتے ہیں۔ 1971سے اپوزیشن انتخابات میں دھاندلی کا رونا رو رہی ہے لیکن انہوں نے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے عملی طور پر کوئی اقدامات نہیں اٹھائے، شہباز شریف پر اربوں روپے کی کرپشن کے کیسز ہیں وہ متعلقہ اداروں کو جواب دینے کی بجائے بیرون ملک بھاگنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کبھی کوئی ایسا کام نہیں کرتے جس سے فرد واحد کو فائدہ ہو، وہ عوام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں فیصلے کرتے ہیں۔

علی حیدر

مزید :

صفحہ اول -