آل کراچی ریسٹورنٹ ایسویس ایشن کا وزیراعظم کو خط، حکومت اور این سی او سی سے ڈائننگ کھولنے کا مطالبہ 

آل کراچی ریسٹورنٹ ایسویس ایشن کا وزیراعظم کو خط، حکومت اور این سی او سی سے ...

  

  کراچی (آن لائن)ریسٹورنٹ مالکان نے حکومت اور این سی او سی سے ڈائننگ کھولنے کا مطالبہ کردیا۔آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کا وزیر اعظم پاکستان کو خط،حکومت ریسٹورنٹ اور ہوٹلنگ کے شعبے کو صنعت کا درجہ دے، ٹورزم کو ہوٹلنگ کے بغیر ترقی نہیں دی جاسکتی ہے،ریسٹورنٹ کیلئے خصوصی مراعات کا اعلان کیا جائے۔ اسد حنیف اور فیضان راوت کی آرمی چیف، وزیر اعظم اور سربراہ این سی او سی سے درخواست۔ تفصیلات کے مطابق آل کراچی ریسٹورنٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین اسد حنیف اور جنرل سیکریٹری فیضان راوت نے گزشتہ روز وزیراعظم پاکستان عمران خان،آرمی چیف اور سربراہ این سی او سی کو خصوصی خطوط کے ذریعے درخواست کی ہے کہ کورونا وبا کی وجہ سے15 ماہ تک جاری لاک ڈاون کی وجہ سے سب سے زیادہ ریسٹورنٹ کا شعبہ متاثر ہوا ہے اور 60 فیصد سے زائد ریسٹورنٹ کا کاروبار بند ہوچکا ہے۔اسد حنیف اور فیضان راوت نے وزیر اعظم کو لکھے گئے خط میں درخواست کی ہے کہ اس وقت موسم گرما کی شدید حبس اور بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کی وجہ سے آو ٹ ڈور یا ڈائن آوٹ کسی صورت میں ممکن نہیں ہے جبکہ 60 فیصد سے زائد ریسٹورنٹ کا انحصار صرف ڈائننگ پر ہے جبکہ ملکی اور غیرملکی سرمایہ کاری بھی اس میں موجود ہے لہٰذا حکومت ریسٹورنٹ کے مطالبات پر انہیں ان ڈور کھانے کی اجازت دے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان پاکستان میں ٹورزم کی صنعت کو فروغ دینا چاہتے ہیں اور سیرو سیاحت میں اضافے کیلئے بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں جبکہ ٹورزم کی ترقی کیلئے ریسٹورنٹ اور ہوٹلنگ کی ترقی لازمی و ملزوم ہے لہٰذا حکومت ریسٹورنٹ اور ہوٹلنگ کے شعبے کو صنعت کا درجہ دے کر اسے مراعات کا اعلان کرے، اس سے حکومت کو ملنے والے ٹیکس ریونیو میں بھی خاطر خواہ اضافہ ہو سکے گا اور ٹورزم کو ترقی دینے میں مدد ملے گی۔

ریسٹورنٹ 

مزید :

صفحہ آخر -