فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں آسٹرازینیکا ویکسین کی قلت کے خلاف اوور سیز پاکستانیوں کا احتجاج
لاہور ( ڈیلی پاکستان آن لائن ) پاکستان میں کورونا کا زور ٹوٹ کر زندگی معمولات کی جانب گامزن ہے مگر اوور سیز پاکستانیوں کیلئے مسئلہ اب بھی وہیں پر کھڑ اہے ، متحدہ عرب امارات سمیت متعدد ممالک نے آسٹرا زینیکا کو قابل قبول قرار دیا ہے جس کے باعث اوور سیز پاکستانیوں کو آسٹرازینیکا لگائی جا رہی ہے مگر اب فیصل آباد اور گوجرانوالہ میں آسٹرازینیکا کی قلت کے باعث اوور سیز پاکستانی احتجاج پر اتر آئے ہیں ۔
فیصل آباد کے سمن آباد سنٹر پر ویکسین نہ ملنے پر اوور سیز پاکستانیوں نے احتجاج کیا ،مظاہرین نے سنٹر کے باہر روڈ کو ٹریفک کیلئے بلاک کر دیا۔ مظاہرین کا کہنا ہے کہ کئی دن سے مسلسل ویکسی نیشن سنٹر آرہے ہیں ، انتظامیہ کی جانب سے روز اگلے دن آنے کا کہا جاتا ہے ، پورے ضلع میں اوور سیز کیلئے صرف ایک سنٹر بنایا گیا ہے ، ہمارے ویزے ختم ہو رہے ہیں مگر ویکسین نہیں مل رہی ۔ انچارج سینٹر کا کہنا ہے کہ آسٹرازینیکا کی چار ہزار ڈوز ملی تھیں جو لگا دی گئیں ، مزید ویکسین کیلئے حکام کو آگاہ کر دیا ہے ۔
دوسری جانب گوجرانوالہ میں بھی ایسے ہی حالات دیکھنے میں ملے ، ڈی ایچ او آفس میں اوورسیز پاکستایوں کیلئے بنائے گئے سینٹر پر ویکسین دستیاب نہیں ، ڈی ایچ او آفس کے باہر ویکسین لگوانے کیلئے اوور سیز پاکستانی جمع ہو گئے جبکہ ڈی ایچ او آفس کے باہر ویکسین ختم ہونے کا بینر لگا دیاگیا۔