شوگر سکینڈل، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 10جولائی تک عبوری ضمانت منظور، ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکدیا گیا

شوگر سکینڈل، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 10جولائی تک عبوری ضمانت منظور، ایف ...
شوگر سکینڈل، شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی 10جولائی تک عبوری ضمانت منظور، ایف آئی اے کو گرفتاری سے روکدیا گیا

  

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن ) سیشن کورٹ نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے ) کومسلم لیگ (ن ) کے صدرا ور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 10جولائی تک گرفتارکرنے سے روک دیا ۔عدالت کی جانب سے آئندہ سماعت پر ایف آئی اے سے رپورٹ بھی طلب کرلی گئی۔

نجی ٹی وی دنیا نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن ) کے صدرا ور قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور حمزہ شہباز نے سیشن کورٹ میں شوگر سکینڈل میں ممکنہ گرفتار ی سے بچنے کے لئے عبوری ضمانتوں کی درخواست دائر کی تھی ۔ شہباز شریف اپنے وکلا ءکے ہمراہ سیشن کورٹ میں ایڈیشنل سیشن جج سید علی عباس کی عدالت میں پیش ہوئے۔ دونوں رہنماوں کی جانب سے درخواست میں موقف اپنایا گیا  کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے )نے مالیاتی سکینڈل میں طلب کررکھا ہے ،تحقیقاتی ادارے کو مکمل ریکارڈ فراہم کرچکے ہیں،ایف آئی اے گرفتار کرنا چاہتی ہے ، عدالت سے استدعا ہے کہ ضمانت منظور کی جائے۔

سماعت کے دوران شہباز شریف نے عدالت کی جانب سے اجازت دیئے جانے کے بعد روسٹر م پر آکر کیس کے متعلق بتایا کہ سمجھ نہیں آرہی ہے مجھے کیوں نوٹس بھیجا گیا، میں نے جیل میں بھی کہا تھا کہ میرا شوگر سکینڈل میں کوئی تعلق نہیں ہے، میں نے پوچھا کہ شوگر مل سے میرا کیا تعلق تو مجھے کہا گیا کہ آپکے بچوں کا ہے، والد سے وراثت میں جو جائیدادیں منتقل ہوئیں وہ بچوں کو دے دیں۔

شہباز شریف عدالت کو بتایا کہ بطور وزیر اعلیٰ پنجاب میں نے شوگر سے متعلق بہت اہم فیصلے کئے ، مجھے شوگر پر سبسڈی دینے کا کہا گیا مگر میں نے تجویز مسترد کردی،عدالت کے سامنے سارا ریکارڈ رکھوں گا۔

 عدالت نے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو 10،10لاکھ کے مچلکے جمع کروانے کا حکم دیتے ہوئے 10جولائی تک عبوری ضمانت منظور کرلی۔

یادرہے کہ لیگی صدر شہباز شریف کی جانب سے شوگر سکینڈل میں طلبی کے نوٹس کے بعد ایف آئی اے میں پیش ہونے کا فیصلہ کیاگیا تھااور وکلا کی مشاورت کے بعدگرفتاری سے بچنے کیلئے پیشی سے قبل عبوری ضمانت کے لئے سیشن کورٹ سے رجوع کیا گیا ہے ۔

واضح رہے کہ شہبازشریف کو ایف آئی اے نے شوگر سکینڈل تحقیقات میں 22جون کو طلب کر رکھاہے جبکہ حمزہ شہباز کو 24 جو ن کو بلایا گیاہے۔ ایف آئی اے کی جانب سے شہبازشریف کو سوالات کے جوابات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی تھی اور پیش نہ ہونے کی صورت میں گرفتار ی کا عندیہ دیا گیا تھا۔

مزید :

اہم خبریں -قومی -علاقائی -پنجاب -لاہور -