ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ ، سنسنی خیز میچ کا نتیجہ سامنے آگیا

ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ ، سنسنی خیز میچ کا نتیجہ سامنے آگیا
ملتان سلطانز بمقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ ، سنسنی خیز میچ کا نتیجہ سامنے آگیا

  

ابوظہبی(ڈیلی پاکستان آن لائن )ملتان سلطانز نے اہم ترین میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو 31 رنز سے شکست دیکر پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل )6 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم 181 رنز کے تعاقب میں 19 ویں اوور میں 149 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا،پہلے اوور کی دوسری گیند پر ہی اوپننگ بلے باز کولن منرو بغٰیر کوئی رنز بنائے سہیل تنویز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔تیسرے اوور میں اسلام آباد کی ٹیم کو دوسرا دھچکا لگا  اور  وکٹ کیپر بلے باز محمد اخلاق 10 رنز بناکر رن آؤٹ ہوگئے،کپتان شاداب خان بھی بغیر کوئی رنز بنائے سہیل تنویر کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔تیسری وکٹ گرنے کے بعد افتخار احمد بیٹنگ کے لیے اور انہوں نے عثمان خواجہ کیساتھ ملکر محتاط انداز میں سکور بورڈ کر آگے بڑھانا شروع کیا، تاہم افتخار احمد 16گیندوں پر 15 رنز بناکر مزربانی کی گیند پر آؤٹ ہوئے،آصف علی پانچ گیندوں پر ایک رنز بناسکے ان کی وکٹ عمران طاہر نے حاصل کی۔ایک طرف سے وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب سے عثمان خواجہ نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا،وہ 40گیندوں پر 70 رنز بناکر سہیل تنویر کی گیند پر آؤٹ ہوئے انکی اننگز میں نو چوکے اور ایک چھکا شامل تھے۔حسن علی پانچ گیندوں پر 10 رنز بنا کر عمران طاہر کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔محمد وسیم آٹھ گیند وں پر 13 رنز بناکر عمران خان کی گیند پر آؤٹ ہوئے ،فہیم اشرف بغیر کوئی رنز مزربانی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔حسین طلعت 25 رنز بناکر مزربانی کا نشانہ بنے۔

ملتان سلطانز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آبا د کو جیت کے لیے181 رنز کا ہدف دیا تھا۔ملتان سلطانز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں پانچ  وکٹوں کے نقصان پر180  رنز بنائے۔ملتان سلطانز کی ٹیم کا آغاز کچھ اچھا نہ رہا اور کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رنز بنائے پویلین لوٹ گئے،تاہم ون ڈاؤن کی پوزیشن پر بیٹنگ کے لیے آنے والے صہیب مقصود نے جارحانہ انداز میں بیٹنگ شروع کی اور ٹیم کو ایک اچھا آغاز فراہم کیا۔تاہم شاداب خان کے ایک ہی اوور میں دو وکٹوں نے ملتان سلطانز  کی پیش قدمی کو روک دیا،شان مسعود 25 اور رائلی روسو بغیر کوئی رنز بنائے شاداب خان کا نشانہ بنے۔یکے بعد دیگر ے دو وکٹیں گرنے کے بعد جونسن چارلز اورصہیب مقصود نے حارجانہ انداز اپنائے رکھا، صہیب مقصود 41گیندوں پر 59 جبکہ جونسن چارلز 21گیندوں پر 41 رنز بناکر آؤٹ ہوئے،دونوں کو فہیم اشرف نے آؤٹ کیا۔اننگز کے آخری اوور میں خوشدل شاہ کی طوفانی بیٹنگ نے ملتان کی ٹیم کو بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنے میں مدد دی۔خوشدل شاہ نے عاکف جاوید کے ایک اوور میں لگاتار چار چھکے بھی لگائے۔خوشدل شاہ 42 اور سہیل تنویر 12 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔

واضح رہے کہ ملتان سلطانز کی ٹیم نے ناک آؤٹ مرحلے کے پہلے میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ملتان سلطانز کی ٹیم میں کپتان محمد رضوان، شان مسعود، صہیب مقصود، رائلی روسو، جونسن چارلز،سہیل تنویر، شاہنواز دھانی، عمران طاہر، عمران خان ،خوشدل شاہ اور مزربانی شامل ہیں۔ اسلام آباد کی ٹیم میں کپتان شاداب خان، عثمان خواجہ، کولن منرو، افتخار احمد، آصف علی، حسن علی، حسین طلعت، محمد وسیم،محمد اخلاق، عاکف جاوید اور فہیم اشرف شامل ہیں۔

مزید :

PSL -PSL News Update -