ایرانی اثرورسوخ کو محدود کرنے کی کوشش؟سعودی عرب کا پاکستان کیساتھ تاخیری ادائیگی پر تیل فراہمی کا معاہدہ ہوگیا
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) خطے میں ایران کا اثرورسوخ کم کرنے کے لیے سعودی عرب پاکستان کے ساتھ تاخیری ادائیگی پر تیل کا معاہدہ کرنے پر رضامند ہو گیا۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان کی تیل کی امداد دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اس ڈیل کے تحت سعودی عرب پاکستان کو سالانہ کم از کم ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کا تیل فراہم کرتا ہے۔رواں سال یہ کھیپ جولائی میں دی جائے گی۔
رپورٹ کے مطابق گزشتہ سال جب پاکستان کی طرف سے سعودی عرب پر دباﺅ ڈالا گیا تھا کہ وہ کشمیر کا خصوصی درجہ ختم کرنے پر بھارت کی مذمت کرے تو اس پریشر کو ختم کرنے کے لیے سعودی عرب نے قرض کے تین ارب ڈالر فوری طور پر واپس مانگ لیے تھے۔ تب سے دونوں ملکوں کے تعلقات میں کچھ سردمہری درآئی تھی جو مئی میں وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی ملاقات کے بعد ختم ہو گئی اور دونوں ملکوں کے تعلقات بحال ہو گئے۔
ایک پاکستانی حکومتی عہدیدار نے اس پیشرفت پر بتایا ہے کہ ”سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات بحال ہو چکے ہیں اور اب سعودی عرب ایک بار پھر ہمیں تیل کی فراہمی شروع کرنے جا رہا ہے۔ یہ تیل تاخیری ادائیگی پر پاکستان کو مہیا کیاجائے گا۔“