"مہنگائی نہیں ہوگی تو ملک رک جائے گا، کرک میں غربت ہوگی لیکن ملک میں نہیں ہے" وزیر دفاع کی بات پر اسمبلی میں قہقہے لگ گئے

"مہنگائی نہیں ہوگی تو ملک رک جائے گا، کرک میں غربت ہوگی لیکن ملک میں نہیں ہے" ...
سورس: File

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر دفاع پرویز خٹک کا کہنا ہے کہ اگر مہنگائی نہیں ہوگی تو ملک رک جائے گا، امریکہ اور یورپ سمیت پوری دنیا میں مہنگائی ہے۔

قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے ملک کو مشکلات سے نکالا، ملک میں کہیں غربت نہیں ہے۔  جس ملک میں مہنگائی نہیں ہوگی تو وہ ملک رک جائے گا، نہ کوئی اگائے گا، نہ کوئی صنعت چلائے گا اور کاروبار نہیں ہوگا تو کس طرح ملک چلے گا؟ امریکہ اور یورپ سمیت پوری دنیا میں مہنگائی ہے۔

نہوں نے کہا کہ یہ بالکل غلط پراپیگنڈا ہے کہ لوگ بھوکے ہوگئے ہیں، ہمارے صوبے میں کوئی کچا مکان دکھا دے تو ہم کہیں گے کہ یہ ملک پیچھے جا رہا ہے۔

پرویز خٹک کی جانب سے غربت کے حوالے سے انوکھی منطق پیش کیے جانے پر اسمبلی میں قہقہے لگ گئے۔ یہاں تک کہ حکومتی ارکان سے بھی ہنسی نہ چھپائی گئی۔ ایک رکن نے تو لقمہ بھی دے دیا کہ کرک میں غربت ہے۔ اس پر وزیر دفاع نے کہا کہ وہاں ہوگی لیکن ملک میں کوئی غربت نہیں ہے۔

وزیر دفاع نے کہا کہ شہباز شریف کے دور میں جو کام ہوئے وہ ان کی فہرست لے آئیں، اگر ن لیگ کی کارکردگی بہتر ہوتی تو پنجاب انہیں مسترد کرتا؟ یہ عوام کی خدمت کے لئے نہیں بلکہ حکمران بننے کیلئے آتے ہیں، ان کے دور میں کارخانے بند تھے جو آج چل پڑے ہیں، عمران خان کے صحیح فیصلوں سے ملک کی معیشت بہتر ہوئی ہے۔

مزید :

قومی -علاقائی -اسلام آباد -