ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری کا وزیراعظم سے ’کشمیر ایکسپریس وے‘بنانے کا مطالبہ

ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری کا وزیراعظم سے ’کشمیر ایکسپریس وے‘بنانے کا مطالبہ
ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری کا وزیراعظم سے ’کشمیر ایکسپریس وے‘بنانے کا مطالبہ

  

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما ،سجادہ نشیں درگاہ بساہاں شریف ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ کاک پل راولپنڈی سے براستہ کہوٹہ،آزاد پتن،گوئیں نالہ راولاکوٹ تک 90 کلو میٹر ’کشمیر ایکسپریس وے‘بنانے کا اعلان کریں تاکہ عوام کو بہتر سفری سہولیات ،سیاحت کو فروغ،روزگار کے نئے مواقع اور ٹریفک حادثات سے نجات مل سکے۔ 

ان کا کہنا تھا ’کشمیر ایکسپریس وے ‘ منصوبہ خطہ کی ترقی میں گیم چینجر ثابت ہو گا، اس منصوبہ سے ڈویژن کے سارے اضلاع پونچھ،سدھنوتی ، باغ اور حویلی برابر مستفید ہوں گے اور مسافت کا دورانیہ انتہائی کم ہو جائے گا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کے نام اپنے خط میں ڈاکٹر پیر علی رضا بخاری نے کہا کہ آزاد کشمیر بالعموم اور پونچھ ڈویژن کے عوام بالخصوص بنیادی سہولیات زندگی سے محروم ہیں جہاں آزاد کشمیر کی موجودہ حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل کی طرف کوئی توجہ نہیں دی ،کوئی بڑا تعمیراتی یا معاشی منصوبہ نہیں دیا۔انہوں نے کہا کہ سڑکوں کی تعمیر میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے نتیجہ میں سڑکوں پر سفرغیر محفوظ ہے اور سڑکوں کے غیر معیاری کام کا خمیازہ شہری ٹریفک حادثات کی شکل میں بھگت رہے ہیں۔ حال ہی میں ہونے والے دل خراش اور افسوسناک ٹریفک حادثے میں سردار تنویر الیاس خان کے حقیقی چچا ، پی ٹی آئی کے رہنما،ایم ایل اے اور ہر دلعزیز عوامی لیڈر سردار صغیر خان چغتائی اپنے ڈرائیور اور سیکریٹری سمیت جان کی بازی ہار گئے۔ پیر علی رضا بخاری نے اپنے خط میں مزید لکھا کہ پونچھ ڈویژن اپنے اندر سیاحت کے حوالے سے بڑی گنجائش رکھتا ہے اور اس معاشی موقع سے فائدہ اٹھانے کے لئے روڈ انفراسٹرکچر اور کاٹیج انڈسٹری کو ترقی دے کر علاقہ کو خوشحالی کی راہ پر گامزن کیا جا سکتا ہے جس کے اثرات یقیناً خطے کی تقدیر بدل دیں گے انہوں نے کہا کہ کشمیر ایکسپریس وے منصوبہ علاقے کی خوشحال کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگا۔

مزید :

علاقائی -آزاد کشمیر -