آخری اوورز میں چوکوں اور چھکوں کی برسات، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کےلیے مشکل ہدف دیدیا
ابوظہبی(ڈیلی پاکستان آن لائن )کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو جیت کے لیے176 رنز کا ہدف دیا ہے،جو ٹیم یہ میچ ہارے گی وہ ٹورنارمنٹ سے باہر ہوجائے گی اور میچ جیتنے والی ٹیم (منگل کو) اسلام آباد یونائیٹڈ کا سامنا کرے گی۔
کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا محتاط آغاز کیا گیا،رنز بنانے کا پریشر بڑھنے لگا تو شرجیل خان بڑی شارٹ کھیلتے ہوئے 20 گیندوں پر 26 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوئے،مارٹن گپٹل ایک دفعہ پھر ناکام رہے اور بغیر کوئی رنز بنائے عمید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔دانش عزیز 12 گیندوں پر 13 رنز بناکر محمد عرفان کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ایک طرف وکٹیں گرتی رہیں تو دوسری جانب سٹار بلے باز بابر اعظم نے رنز بنانے کا سلسلہ جاری رکھا،انہوں نے پی ایس ایل کے اس سیزن میں اپنی ساتویں ففٹی مکمل کی، وہ 45گیندوں پر 53 رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔ان کی ففٹی میں چھ چوکے شامل تھے۔وکٹ کیپر بلے باز والٹن آٹھ گیندوں پر نو رنز بناکر وہاب ریاض کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔کپتان عماد وسیم اور تھساراپریرا کی برق رفتار بلے بازی نے کراچی کنگز کو بڑا ٹارگٹ سیٹ کرنے میں مدد کی، تھسارا پریرا 18گیندوں پر 37 رنز بناکر عمید آصف کی گیند پر آؤٹ ہوئے ان کی اننگز میں چار چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔کپتان عماد وسیم نو گیندوں پر 16 رنز بناکر آؤٹ ہوئے انکی اننگز میں ایک چھکا اور ایک چوکا شامل تھا۔ انکی وکٹ محمد عمران نے حاصل کی۔محمدعامر سات اور محمد الیاس چار رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔کراچی کنگز کی ٹیم نے آخری پانچ اوورز میں 70 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا تھا۔پشاور زلمی کی ٹیم میں کپتان وہاب ریاض،کامران اکمل، شعیب ملک،حضرت اللہ زازئی، امام الحق ، پاول ،ردر فورڈ، خالد عثمان ، عمید آصف ، محمد عمران اور محمد عرفان شامل ہیں۔کراچی کنگز کی ٹیم میں کپتان عماد وسیم، بابر اعظم ، شرجیل خان، مارٹن گپٹل، والٹن،محمد عامر، ارشد اقبال، تھسارا پریرا، نور احمد، دانش عزیز اور محمد الیاس شامل ہیں۔