پی ٹی سی ایل کا سسٹم اپ گریڈ کیاجارہاہے: سی ای او ولید ارشاد

پی ٹی سی ایل کا سسٹم اپ گریڈ کیاجارہاہے: سی ای او ولید ارشاد

کراچی(اکنامک رپورٹر)پی ٹی سی ایل کے چیف ایگزیکٹوآفیسر اور صدر ولید ارشاد نے کہا ہے کہ پی ٹی سی ایل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اورنظام کو بہتربنانے کے لیے مزید اپ گریڈ کیا جارہا ہے جبکہ کراچی کے بعض مقامات پر سیکیورٹی خدشات کے باعث درپیش مسائل کو بھی جلد حل کرلیا جائیگا یہ بات انہوں نے جمعرات کے روز کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈاینڈانڈسٹری (کاٹی ) کی جانب سے دئیے گئے ظہرانے کے موقع پرکہی ۔

اس موقع پر اتصالات گروپ کے رکن ایڈوائزری بورڈ عمر السویدی،سعید الشران ، کراچی انڈسٹریل الائنس کے صدر میاں زاہد حسین ،کاٹی کے صدر سید فرخ مظہر ،کاٹی کے قائمہ کمیٹی برائے پی ٹی سی ایل کے چیئرمین شاہد جاوید قریشی،کاٹی کے سابق چیئرمین زبیر چھایا، فرحان الرحمن، کا ٹی کے سینئر نائب صدر حشام اے رزاق، نائب صدر فرازالرحمن،جوہر علی قندھاری نے بھی اظہارخیال کیا جبکہ کاٹی کے سابق چیئرمین گلزارفیروز،سائیٹ سپرہائی وے ایسوسی ایشن کے چیئرمین جاوید علی غوری،فیڈرل بی ائیریا ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ محمد تحسین ، پی ٹی سی ایل کے ای وی پی زمان گلزار،ای وی پی شمیم الدین اور دیگربھی موجود تھے۔ولید ارشاد نے کہا کہ پی ٹی سی ایل عوام کو سہولیات کی فراہمی اور سستی کالز کی سہولیات فراہم کرنے پرعمل پیرا ہونے کے ساتھ ساتھ اتصالات گروپ نے پاکستان میں تھری جی اور فورجی لائسنس کی نیلامی میں بھی دلچسپی کااظہار کیا ہے تاکہ پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی میں اتصالات گروپ بھی بھرپورطریقے سے اپنا حصہ لے سکے ۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کی جدید سروسز جس میں (EVO) نائیٹرو کالوڈ،ڈی ایس ایل میں سنگلز کے مسائل کوحل کرنے کے لیے 187 بی ٹی ایس لگاچکے ہیں جبکہ مزید 100 بی ٹی ایس مزید لگائے جائینگے۔اس موقع پر میاں زاہد حسین نے کہا کہ پاکستان میں گھروں اورفیکٹریوں،کارخانوں اور صنعتوں میں ٹیلی فون کی سہولیات حاصل کرنا مشکل ترین مرحلہ تھا لیکن پی ٹی سی ایل نے اس خواب کو حقیقت میں ڈھالتے ہوئے صرف ایک گھنٹے کے دوران ٹیلی فون فراہم کردیا جوکہ ایک خواب سامحسوس ہوتا ہے ۔انہوںنے کہا پی ٹی سی ایل نچلی سطح پر بھی تربیت یافتہ عملے کوتعینات کرتے ہوئے اپنے نیٹ ورک کومزید مضبوط اور مستحکم کرسکتاہے ۔انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ سہولیات ایک ٹیلی فون کالز پر فراہم کردی جاتی ہیں اور مقابلے کی اس دوڑ میں موبائل فونز کمپنیوں سمیت پی ٹی سی ایل بھی بھرپور حصہ لے رہا ہے ۔کاٹی کے صدر سید فرخ مظہر نے کہا کہ پی ٹی سی ایل کی کارکردگی ماضی کی نسبت بہتر ہوچکی ہے اورموجودہ ٹیم اچھی کارکردگی دکھارہی ہے لیکن کراچی کے چند مقامات پر نیٹ ورک بہتربنانے کی ضرورت ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے مابین جاری دوستانہ اور برادارانہ تعلقات قائم ہیں لہذا پی ٹی سی ایل پاکستان سے دبئی فون کالز کو سستی کرتے ہوئے اسے مقامی کالز میں ڈھال دے جس سے پی ٹی سی ایل کے ریونیو میں بھی اضافہ ہوگا۔ اس موقع پر شاہد جاوید قریشی نے کہا کہ روزمرہ کے مسائل حل ہوتے رہتے ہیں لیکن پی ٹی سی ایل کی ڈیواسیس جسمیں خاص طور پر (EVO) نائیٹرو کالوڈ،ڈی ایس ایل میں سنگلز مسائل کاسامنا ہے جسکو حل کرنے میں پانچ روز لگ جاتے ہیں جبکہ دوسری جانب کراچی میں موجودہ ٹاورز بی ٹی ایس کی بجائے دیگر ٹاورز لگائے جانے سے سنگلز میں مشکلات کاسامنا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ ڈی ایس ایل،آئی پی ٹی وی دیگر کے لیے تربیت یافتہ عملہ موجودہے اور کمرشل اسٹاف پی ٹی سی ایل کی مصنوعات کو فروخت کرنے پر عمل پیرا ہے لیکن اس کی سروسزکو بہتربنانے کے لیے سرگرم عمل نہیں ہے جبکہ پاکستان میں تھری اورفورجی ٹیکنالوجی کی آمد ہورہی ہے ۔

مزید : کامرس