کریمیا پر قبضہ کا روسی اقدام سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سنگین خطرہ ہے نیٹو

کریمیا پر قبضہ کا روسی اقدام سرد جنگ کے خاتمے کے بعد سنگین خطرہ ہے نیٹو

 برسلز(آن لائن)معاہدہ شمالی اوقیانوس کی تنظیم نیٹو نے روس کی جانب سے یوکرین کے جزیرہ نما علاقے کریمیا کو ضم کرنے کے اقدام کو سرد جنگ کے خاتمے کے بعد یورپ کے لیے سب سے بڑا خطرہ قراردیا ہے۔نیٹو کے سیکریٹری جنرل آندرے فوگ راسموسین نے ایک بیان میں روس کو خبردار کیا ہے کہ اس کو بین الاقوامی تنہائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انھوں نے کہا کہ 1990ء کے عشرے میں بلقان کے خطے اور 2008ء میں جارجیا میں بحران رہا تھا لیکن سرد جنگ کے خاتمے کے بعد یورپ کی سلامتی اور استحکام کے لیے کریمیا کا بحران سب سے بڑا خطرہ ہے۔درایں اثناء امریکا نے روس پر زوردیا ہے کہ وہ یوکرین کے ساتھ کریمیا میں موجود فوجی اڈوں پر پائی جانے والی کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات کرے۔امریکانے روس کو خبردار کیا ہے کہ اگر اس تنازعے پر اس کی یا اتحادی فوج کی ہلاکتیں ہوتی ہیں تو ان کا ذمے دار صرف وہ ہوگا۔وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنے ایک بیان میں کہا ہے کہ روسی فورسز کی یوکرین کی فوجی تنصیبات پر قبضے کے لیے کوششیں ایک خطرناک صورت حال کو جنم دے رہی ہیں۔ترجمان نے کریمیا کے روس کے ساتھ الحاق کے باوجود اس کو یوکرین کا حصہ قراردیا ہے اور کہا ہے کہ 'روس کو یوکرینی حکومت کے ساتھ فوری طور پر اس علاقے میں موجود یوکرینی فورسز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے بات چیت کرنی چاہیے'۔

مزید : عالمی منظر