لاہور میں گذارے لمحات ناقابل فراموش ہیں،سیما کپور

لاہور میں گذارے لمحات ناقابل فراموش ہیں،سیما کپور


لاہور(فلم رپورٹر) لاہوریوں کی مہمان نوازی اورفن کے قدردان لوگوں سے ملنے کی خواہش نے دودن بعد ہی ورسٹائل اداکار اوم پوری کودوبارہ پاکستان آنے کیلئے مجبورکردیا۔جلد ہی اپنی اہلیہ سیما کپورکے ہمراہ دوبارہ لاہور یاترا کریں گے۔ اس سلسلے میں ان کی اہلیہ سیما کپورنے ٹیلی فون پر نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ لاہورمیں گزرے لمحات اس قدریادگارہیں کہ ان کولفظوں میں بیان کرنا ممکن نہیں۔ ابھی ہمیں ممبئی پہنچے صرف دودن گزرے ہیں لیکن لاہوراوروہاں ملنے والے لوگوں کی یاد ستانے لگی ہے۔ ایک ہفتہ کے دوران ہم نے بہت سی اہم شخصیات سے ملاقات کی اورخاص طورفیض گھر جانے کا موقع ملا جس سے میری دیرینہ خواہش پوری ہوئی۔انھوں نے کہا کہ ممبئی آنے کے بعد قریبی عزیزواقارب اورساتھی فنکاروں کی فون کالز اورملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔ہرکوئی لاہور کے بارے میں جاننا چاہتا ہے اورجب ہم لاہور کے قدرتی حسن، لوگوں کے پیاراورمہمان نوازی کا تذکرہ کرتے ہیں توپھر سب کے سب لاہوردیکھنے کی خواہش ظاہرکردیتے ہیں اس لیے میں صرف اتنا ہی بتا سکتی ہوں کہ ہم آئندہ ماہ دوبارہ لاہور آنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اس سلسلہ میں ہم جلد ہی اپنا شیڈول ترتیب دیں گے اورپھردوبارہ لاہوریوں سے ملاقات ہوگی۔

مزید : کلچر