سعودی عرب امریکہ کی ہمدرد یاں کھونے پر پاکستان کی طرف ہاتھ بڑھا رہا ہے عسکری سیاسی ماہرین
لاہور(محمد نواز سنگرا)امریکی ہمدردیاں کھونے پر سعودی عرب پاکستان کے ساتھ ہاتھ بڑھا رہا ہے۔ ایران اور امریکہ کے درمیان مستحکم تعلقات کےلئے پاکستان پل کا کردار ادا کر سکتا ہے۔سعودی عرب کے پاس تیل اور دیگر وسائل ہیں مگر مین پاور کےلئے اسے پاکستان کا سہارالینا پڑتا ہے۔ان خیالات کا اظہار ملک کے عسکری اور سیاسی ماہرین نے روز نامہ پاکستان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ہے۔جماعت اسلامی کے رہنما لیاقت بلوچ نے کہا کہ شرائط تو حکومت ہی بتا سکتی ہے لیکن سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے جس سے اچھے کی توقع رکھنی چاہیے۔سابق وفاقی وزیر نذر محمد گوندل نے کہاکہ حکومت کو بیرون ممالک سے ملنے والی امداد پر تحفظات دور کرنے چاہیں کہ کس مد میں پیسے دیئے گئے ہیں۔پہلے بھی سعودی عرب پاکستان کی مدد کرتا آیا ہے تواگر سعودی عرب کی طرف سے کوئی شرط رکھی گئی ہے جو پاکستان کے مفاد میں نہیں تو اس پرپارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے،حکومت کو من مانیاں نہیں کرنی چاہیں۔برگیڈئیر (ر)محمد یوسف نے کہاکہ سعودی عرب امریکہ کی ہمدردیاں کھونے پر پاکستان کی طرف ہاتھ بڑھا رہا ہے کیونکہ امریکہ کا رخ ایران کی طرف ہو رہا ہے اور سعودی عرب اکیلا ہو رہا ہے۔بحرین ،قطر،اور کویت میں شیعہ اکثریت کابھی سودی عرب پر دباونے اور ان کے پاس وسائل ضرور ہیں مگر مین پاور کی کمی کی وجہ سے پاکستان کا سہار ا لینا پڑتا ہے۔سعودی عرب نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے حتیٰ کہ ایٹمی دھماکوں کے وقت بھی سعودی حمایت حاصل تھی۔جب بھی سعودی عرب پر برا وقت آیا ہے تو اس نے پاکستان کو پکارا ہے اور امداد کا مقصد یہ بھی ہو سکتا ہے کہ پاکستان امریکہ اور ایران کو سعودی عرب کے قریب لانے میں کردار ادا کرے