وزیر اعلیٰ کی پتنگ بازی پر سخت بر ہمی آئی جی کو پولیس افسروں کیخلاف کاروائی کی ہدایت

وزیر اعلیٰ کی پتنگ بازی پر سخت بر ہمی آئی جی کو پولیس افسروں کیخلاف کاروائی ...

               لاہور(زاہد علی خان) وزیر اعلیٰ پنجاب نے پتنگ بازی پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے آئی جی پولیس پنجاب کو ہدایت کی ہے کہ خطرناک ڈور سے شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے پر پولیس افسران کے خلاف کارروائی کریں۔ ذرائع نے بتایا کہ جس چھت سے پتنگ بازی ہو گی اس گھر کے مالک کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کیا جائے اور متعلقہ ایس ایچ او اور ڈی ایس پی کو معطل کرنے کے علاقے ایس پی کو بھی شو کاز نوٹس جاری کیا جائے۔انہوں نے آئی جی کو مزید حکم دیا ہے کہ ان پولیس افسران کو معطل کر کے ان کے خلاف بھی محکمانہ کارروائی کی جائے۔ ان پولیس افسران کو دوبارہ تھانوں اور سرکلز میں پوسٹنگ نہ دی جائے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انہوں نے اس بات پر بھی اعلیٰ افسران کی سرزنش کی ہے کہ اب تک جتنے پولیس افسران کو معطل یا تبدیل کیا گیا انہیں دوبارہ بہتر پوسٹنگ دیدی گئی۔ اس کا ذمہ دار کون ہے۔ ان افسران کی فہرست انہیں بھجوائی جائے۔ پتہ چلا ہے کہ انہوں نے سیاسی سفارش پر بھی پوسٹنگ کروانے پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے اور ان سیاستدانوں کے بارے میں بھی تفصیلات طلب کر لی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ان احکامات کی روشنی میں آئی جی پولیس پنجاب خان بیگ نے لاہور سمیت قصور، فیصل آباد، راولپنڈی، ملتان اور گوجرانوالہ کے اعلیٰ افسران کو حکم دیا ہے کہ پتنگ بازی کرنے اور خطرناک ڈور تیار کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔

مزید : صفحہ آخر