ورلڈ ٹی 20 میں آفریدی نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دئیے: بین الاقوامی میڈیا

ورلڈ ٹی 20 میں آفریدی نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دئیے: بین الاقوامی میڈیا
ورلڈ ٹی 20 میں آفریدی نے مقبولیت کے ریکارڈ توڑ دئیے: بین الاقوامی میڈیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

ڈھاکہ،لندن، ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی سی سی کے پانچویں ورلڈ ٹی 20 کپ میں حصہ لینے والے درجنوں کھلاڑیوں میں سے اگر کوئی مقبول ہے اور ہر کوئی جس کی بات کررہا ہے تو وہ صرف پاکستانی سٹار بلے باز شاہد آفریدی ہے۔ پاک بھارت کانٹے دار ٹاکرے میں مداح آفریدی کو ایکشن میں دیکھنے کے لئے بیتاب ہیں۔ پاکستانی ٹیم اس میچ میں بھارت کو شکست دے کر گزشتہ 22 سالوں میں کھیلے گئے تمام پانچ میچوں میں ہونے والی ہار کا بدلہ اتار کر بھارت کے خلاف اپنی فتح پر طاری جمود کو توڑ سکتی ہے۔ آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل برطانوی، بھارتی اور بنگلہ دیشی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں کہا ہے کہ اگر آپ ڈھاکہ کی سڑکوں اورسٹیڈیم کے باہر کسی سے یہ پوچھیں کے فیورٹ کھلاڑی کون تو شاید ہی کوئی شخص ایسا ہوگا جو شاہد آفریدی کا نام نہ لے۔ بنگلہ دیش میں پاکستان کرکٹ ٹیم بہت مقبول ہے۔ یہاں کے مسلمان شائقین سٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کو سپورٹ کررہے ہوتے ہیں لیکن شاہد آفریدی کی پسندیدگی نسل اور مذہب سے بالاتر ہے۔ وہ بلاشبہ اس وقت بنگلہ دیش میں سب سے مقبول غیر ملکی کرکٹر ہیں۔ پاکستانی ٹیم کے دونوں وارم اپ میچوں میں شائقین کی بہت بڑی تعداد موجود تھی پہلے میچ میں شاہد آفریدی نہیں کھیلے،ہر کوئی ان کی فٹنس کے بارے میں جاننا چاہتا تھا اور جب انہیں پتہ چلا کہ وہ دوسرا وارم اپ میچ کھیل رہے ہیں تو شائقین نے بڑی تعداد میں ڈھاکہ سے دور واقع فتح اللہ کا رخ کیا۔ پاکستانی پرچم کو چہرے پر پینٹ کرانے والے ایک چھوٹے سے بچے سے بات کرنی چاہی تو وہ اس سے زیادہ کچھ نہ بولا شاہد آفریدی۔ رپورٹ کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم آئی سی سی کے ہر عالمی مقابلے میں بھارت کو ہرانے کی امید کے ساتھ آتی ہے لیکن ہر مقابلے میں یہ امید دم توڑ جاتی ہے اور اسے ایک نئے انتظار کے کرب میں مبتلا ہونا پڑتا ہے۔