پاکستان بمقابلہ بھارت، اربوں روپے کا جوالگ گیا،شائقین جیت کے خواہاں

پاکستان بمقابلہ بھارت، اربوں روپے کا جوالگ گیا،شائقین جیت کے خواہاں
Bet

  

لاہور (نعیم مصطفےٰ سے)ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے ابتدائی میچ کو غیر معمولی عالمگیر شہرت حاصل ہوگئی ہے اور دنیا بھر میں اس میچ کو دیکھنے اور بلے بازوں یا باﺅلرز کی کارکردگی سے محظوظ ہونے کے لئے خوبصورت انتظامات کئے جارہے ہیں۔ دنیا بھر میں اس میچ کے حوالے سے بڑے بڑے سٹے باز بھی سرگرم ہوگئے ہیں اور میچ کی ہر ہر گیند، ہر ہر کھلاڑی بیٹسمین باﺅلر سمیت میچ کے ہر اینگل اور ہر لمحے پر اربوں روپے کا جوا لگ گیا ہے۔ جمعرات کی شام ہی دنیا کے بیشتر ممالک میں بکیوں نے لنگوٹ کس لئے اور جگہ جگہ پر بکیں کھل گئیں ابتدائی طور پر بھارت کو فیورٹ قرار دیا گیا ہے عالمی سٹے بازوں نے بھارت کا ریٹ 85 پیسے اور پاکستان کا 70 پیسے نکالا ہے۔ میچ شروع ہونے سے قبل اس ریٹ میں پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ مختلف ممالک میں دونوں ٹیموں کا مختلف ریٹ سامنے آیا ہے خود انڈیا میں پاکستان کا ریٹ 80 پیسے اور بھارت کا 90 پیسے ہے۔ پاکستانی بیٹسمین اور باﺅلروں کی کارکردگی کے حوالے سے کی جانے والی پیشگوئیوں کے حوالے سے بھی خاصے ہائی ریٹس دئیے گئے ہیں۔ پاکستانی وقت کے مطابق علی الصبح 6 بجے کھولے گئے ریٹ کے مطابق پاکستانی بیٹسمینوں محمد حفیظ اور محمد شہزاد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ اگر یہ دونوں بیٹسمین آج کے میچ میں 50 رنز سکور کریں گے تو 100 پاکستانی روپے کے ساتھ 500روپے شرط لگانے والے کو ملیں گے۔ بوم بوم آفریدی کے بارے میں کہا گیا ہے کہ اگر وہ تین بھارتی بلے بازوں کو آﺅٹ کرنے میں کامیاب ہوگئے تو 100 روپے کے ساتھ کھیلنے والے جواری کو 500روپے ملیں گے۔ دوسری جانب سٹے بازوں نے انڈین ٹیم کے حوالے سے کہا ہے کہ ٹیم 140 سے 150 رنز کے درمیان آﺅٹ ہوگی تو 1000 روپے لگانے والے کو 3000 روپے ملے گا۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ بھارت، بنگلہ دیش، سری لنکا، آسٹریلیا، انگلینڈ اور ساﺅتھ افریقہ سمیت دیگر ممالک میں بھی روایتی حریفوں پاک بھارت کے درمیان ہونے والے آج کے ٹی 20 میچ پر بڑے پیمانے پر جوا لگایا گیا ہے۔ پاکستان میں لاہور کے علاوہ کراچی، ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، پشاور سمیت چھوٹے بڑے شہروں قصبوں میں سٹے باز اس میچ کے حوالے سے سرگرم دکھائی دے رہے ہیں۔ پاکستانی وقت کے مطابق آج شام ساڑھے چھ بجے شروع ہونے کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ سرِ شام ہی گلیاں بازار سڑکیں سنسان ہوجائیں گی، ریس کورس پارک، قذافی سٹیڈیم سمیت مختلف دفاتر اور تعلیمی اداروں میں بڑی سکرینوں پر میچ دکھانے کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ لاہور کے علاقوں سمن آباد، ماڈل ٹاﺅن، ڈیفنس، چھپڑ سٹاپ، ملتان روڈ، آر اے بازار، اچھرہ، تیزاب احاطہ، مصری شاہ، چاہ میراں، مغل پورہ، اسلام پورہ، سنت نگر اور گلبرگ سمیت مختلف علاقوں میں سٹے بازی کا دھندہ عروج پر ہے جبکہ کئی ملکی وغیر ملکی چینلز پر بھی پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ پر سرِ عام یا درونِ خانہ جوے کا کاروبار کیا جائے گا۔

مزید : ورلڈ T20