راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی رکنیت کی تجدید شروع کر دی گئی

راولپنڈی چیمبر آف کامرس کی رکنیت کی تجدید شروع کر دی گئی

راولپنڈی(اے پی پی)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی رکنیت کی تجدیدشروع کر دی گئی ۔رکنیت کی تجدیدی مہم 31 مارچ تک جاری رہے گی ۔ راولپنڈی چیمبر کے صدرمیاں ہمایوں پرویز نے کہا ہے کہ کاروباری برادری مقررہ تاریخ سے قبل رکنیت کی تجدید کروا لے بصورت دیگر وزارتِ تجارت کے قوانین کے مطابق انکی رکنیت کے اختیارات منسوخ ہو جائیں گے اور ان کو جرمانے کے ساتھ اپنی رکنیت بحال کرانی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری برادری کی کامیابی اتحاد میں مضمر ہے چیمبر کی رکنیت جتنی زیادہ ہو گی افادیت بھی اتنی بڑھے گی اور حکومتی حلقوں میں پذیرائی بڑھے گی جس سے ممبران کے مسائل کو حل کرنے میں مدد ملے گی ۔چیمبر کی رکنیت کے لئے ٹیکس ادائیگی شرط ہوتی ہے جس کی وجہ سے چیمبر زملک کی مجموعی اقتصادی صورتحال اور ٹیکس ریونیو میں بہتری کا باعث بنتے ہیں۔صدر آر سی سی آئی نے کہا کہ تاجر تنظیمیں چیمبر کی طاقت ہیں اور چیمبر خطے کی تمام کاروباری برادری کی فلاح اور بہتری کے لئے اقدامات اٹھا رہا ہے ،بزنس کمیونٹی متحد ہوگی تو چیمبر مضبوط ہو گا ،چیمبر کی مضبوطی سے کاروباری برادری کے مسائل کو حل کرانے میں آسانی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ چیمبر نے ممبران کے لئے جڑواں شہروں کے مشہور ہسپتالوں، لیبارٹریز اور کاروباری مراکز کے ساتھ باہمی سمجھوتے کر رکھے ہیں جنکی رو سے ممبران کو خصوصی رعایت کی پیشکش کی جاتی ہے۔

مزید : کامرس


loading...