کھیل میں سیاست بری طرح گڈمڈ ہو چکی ،بھارت کو چاہیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجے: شہریارخان

کھیل میں سیاست بری طرح گڈمڈ ہو چکی ،بھارت کو چاہیے اپنی ٹیم پاکستان بھیجے: ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 کولکتہ(مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے کہا ہے کہ سیاست کو کھیل سے دور ہی رکھنا چاہیے، بھارتی حکومت اب دونوں ٹیموں کو آپس میں کھیلنے کی اجازت دیدے، کرکٹ ہی قوموں کے درمیان پل کا کردار ادا کرسکتی ہے۔بھارت میں گرین شرٹس کو اب سیکیورٹی کا کوئی ایشو نہیں، انھوں نے ان خیالات کا اظہار میڈیا سے بات چیت میں کیا۔ ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں پاک بھارت میچ دیکھنے کیلیے کولکتہ جانے والے شہریار خان نے ایک بار پھر دونوں ممالک کے درمیان باہمی سیریز کے احیا کی کوششیں شروع کردی ہیں، انھوں نے کہا کہ یہ بدقسمتی کی بات ہے کہ اسپورٹس میں سیاست بْری طرح گڈ مڈ ہوچکی حالانکہ یہ دونوں قطعی مختلف چیزیں ہیں۔مجھے اس بات کی پوری امید ہے کہ دونوں ممالک میں باہمی سیریز کا دوبارہ آغاز ہوگا، حقیقت تو یہ ہے کہ جب میں نے گذشتہ مرتبہ بھارتی بورڈ کے صدر ششانک منوہر سے ملاقات کی تو انھوں نے بھی ہمارے ساتھ باہمی سیریز کھیلنے میں دلچسپی ظاہر کی تھی مگر اسے اپنی حکومت کی اجازت سے مشروط کیا تھا۔بھارت آمد میں تاخیر سے متعلق سوالات پر شہریار خان نے کہاکہ اصل مسئلہ سیکیورٹی تھی مگر خدا کا شکر ہے کہ اب اسکواڈ یہاں موجود ہے، میں سمجھتا ہوں کہ حقیقی مسئلہ وہ سیاسی دھمکیاں بنیں جن کا نشانہ پاکستان تھا، کچھ گروپس ایسا کرتے ہیں اس لیے ہماری حکومت کا اس حوالے سے ٹھوس یقین دہانی مانگنا ضروری تھا۔