قرآن سے دور ی کے باعث مسلمان مسائل کا شکار ہیں،عرفان الحق

قرآن سے دور ی کے باعث مسلمان مسائل کا شکار ہیں،عرفان الحق

لاہور(اپنے نمائندے سے) ہمارے مسائل اور ان کا حل کے نام سے جوہر ٹاؤن میں واقع ایک مقامی ہوٹل میں روحانی اجتماع کا اہتمام کیا گیا جس میں ممتاز دینی سکالر عرفان الحق نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عالم اسلام کو درپیش مسائل کی بنیادی وجہ اللہ اور اس کے کلام قرآن مجید سے دوری ہے معاشرے میں لادینیت ،افراتفری ،بے ایمانی ،جھوٹ اور رشوت کا دور دورہ ہے ۔آج ہماری زندگی میں مسائل قران پاک اور نبی پاک کی تعلیمات کی دوری کی وجہ سے ہیں۔مسلمان زندگی کے تمام شعبوں میں زوال کی جانب رواں دواں ہیں افراتفری نے لوگوں کے مسائل میں بے انتہا اضافہ کردیا ہے ہر شخص اپنے معاملات کو سیدھا کرنے میں لگا ہوا ہے ۔ عرفان الحق نے قران پاک کی آیات سے اپنی زندگی اورآسان اور اللہ تعالی کو راضی کرنے کے طریقوں کے حوالے سے بتایا۔انھوں نے کہا کہ کمزور ایمان کی وجہ سے دنیا اس وقت مسائل کی آماجگاہ بن چکی ہے اور مسلمان مکمل زوال کی جانب رواں دواں ہیں ان کا کہنا تھا کہ ہمارے تمام مسائل اسی وقت حل ہوسکتے ہیں جب بے ایمانی، جھوٹ اور فریب سے خود کو دور رکھا جائے لاعلمی معاشرے میں تیزی سے بڑھتی جارہی ہے اورآج رشتے اپنی اہمیت کھو چکے ہیں ماں باپ بہن بھائی اور دیگر تمام رشتے تیزی سے ایک دوسرے سے دور جارہے ہیں ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمیں چاہیے کہ نبی پاک کی بتائی گئی تعلیمات سے فائدہ اٹھائیں ۔روحانی اجتماع میں روزنامہ پاکستان کے چیف ایڈیٹر مجیب الرحمان شامی ،سماجی شخصیات ، دانشوروں اور صحافیوں سمیت ہرشعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے افرادنے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...