ایٹمی توانائی سے استفادے کا ایرانی حق تسلیم کرتے ہیں :باراک اوباما
واشنگٹن(آن لائن+ اے این این ) امریکہ کے صدرباراک اوباما نے کہا ہے کہ ہم ایٹمی توانائی سے استفادے کیلئے ایران کے حق کو تسلیم کرتے ہیں۔میڈیارپورٹ کے مطابق امریکی صدر نے جشن نوروز اور نئے ہجری شمسی سال کی آمد کی مناسبت سے ایران قو م کومبارکباد پیش کی ۔اپنے تہنیتی پیغام میں صدر اوباما نے کہا کہ میں ہر سال نوروز سے استفادہ کرتا ہوں تاکہ ایرانی عوام کے ساتھ اس سلسلے میں کہ کس طرح سے ان کے ساتھ تعلقات کے نئے باب کا آغاز کیاجائے۔ امریکہ اور ایران کے دو طرفہ تعلقات کے بارے میں انہوں نے کہا کہ گذشتہ چند عشروں میں پہلی بار نئے مستقبل کے حوالے سے ایک موقع ہاتھ آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گذشتہ برسوں میں بارہا آپ نے سنا ہے کہ میں نے کہا کہ ایران کے ساتھ مشترکہ مفادات اور احترام کی بنیاد پر تعاون کے لئے امریکہ آمادہ ہے اور یہ وہی کام تھا جو میں نے کیا ہے ۔ انہوں نے مشترکہ جامع ایکشن پلان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گذشتہ چند برسوں میں امریکہ اور ایران کے سفارتکار اور ایٹمی سائنسدان ایک جگہ جمع ہوئے اور انہوں نے آمنے سامنے بات چیت کی اور گذشتہ موسم گرما میں ہم نے ایران کے ساتھ تاریخی ایٹمی معاہدہ کیا- انہوں نے کہا کہ ایران نے ایٹمی سمجھوتے میں کئے گئے وعدوں پرعمل کیا جس کے بعد عالمی برادری نے ایران کے خلاف عائد پابندیاں اٹھا لیں اور ایران کا جو سرمایہ بیرون ملک میں منجمد تھا اس تک اسے دسترس حاصل ہوگئی ۔