فن اورفنکارکی کوئی سرحد نہیں ہوتی،زینت امان

فن اورفنکارکی کوئی سرحد نہیں ہوتی،زینت امان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور ( فلم رپورٹر ) میں نے لاہور آنے میں بہت دیرکردی، یہاں آکر محسوس ہوا ہے کہ مجھے بہت پہلے لاہورآنا چاہئے تھا۔ تاریخی شہردیکھنے کی بہت خواہش تھی، جس کوپوراکروں گی، لاہورکی سپیشل بریانی اورسرسوں کا ساگ کھا کربہت خوشی ہوئی، ہندوستان میں پاکستانی ڈریسز کی بہت مانگ ہے۔ ان خیالات کااظہارماضی کی معروف بھارتی اداکارہ زینت امان نے گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پران کے ہمراہ شان پاکستان کی روح رواں ڈیزائنرہما نصر اوربھارتی فیشن کوریوگرافرپرسادبڈاپا بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستانی لڑکیاں پاکستانی فیشن کی دیوانی ہیں۔زینت امان نے کہا کہ لاہورکے باسی بہت پیارکرنے والے اوردل والے ہیں۔ میں سوچ رہی تھی کہ اس سے پہلے یہاں کیوں نہیں آئی۔ ایک سوال کے جواب میں زینت امان نے کہا کہ میں نے اپنے فنی کیرئیر کے دوران بہت سے یادگارکردارنبھائے ہیں اوراب ایسی کوئی خواہش نہیں رہی کہ جس کوپوراکرنے کیلئے کوئی نیا کردارکروں۔ اب تومیرے بچے بڑے ہوگئے ہیں اوران کی کامیابی کی خواہشمند ہوں۔ میرے بیٹے نے ایک فلم بنائی ہے جس میں پاکستان سے ہیرومنتخب کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فن اورفنکارکی کوئی سرحد نہیں ہوتی۔ ہم فنکارہیں ، سیاستدان نہیں ۔ اس لئے ایک فنکارکے چاہنے والے ہرجگہ پرہوتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں زینت امان نے کہا کہ دیگرچیزوں کیساتھ مجھے لاہورکا تاریخی ہوٹل اس لئے بھی بہت پسند ہے کہ جس کمرے میں میرا قیام ہے، وہاں ہالی وڈ کی معروف اداکارہ ایواگارڈن بھی ٹھہری تھیں، جومیری والدہ کی بہت پسندیدہ فنکارہ تھیں۔ اس موقع پرشان پاکستان کی روح رواں ہمانصرنے کہا کہ ’’شان پاکستان ‘‘ شو کے ذریعے ہم دونوں ملکوں کے باصلاحیت لوگوں کوایک ساتھ کام کرنے کا موقع فراہم کررہے ہیں۔ میوزک پروگرام اورفیشن شومیں پاکستان اوربھارت کے فنکاراورڈیزائنرایک ساتھ کام کرتے دکھائی دینگے۔ دریں اثناء رائل پام کنٹری کلب میں شان پاکستان کے زیراہتمام میوزیکل شوہوا۔ جس میں بالی وڈ کی معروف پلے بیک سنگر ریکھا بھردواج، میوزک بینڈ شیوم جبکہ پاکستان سے لوک گلوکارہ مائی ڈھائی اورصوفی گلوکاراسرارنے پرفارم کرتے ہوئے شرکاء سے خوب داد سمیٹی۔

مزید :

صفحہ آخر -