آپریشن کسی مخصوص پارٹی کیخلاف نہیں آخری ،دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیگا :ڈی جی رینجرز سندھ

آپریشن کسی مخصوص پارٹی کیخلاف نہیں آخری ،دہشتگرد کے خاتمے تک جاری رہیگا :ڈی ...

کراچی (سٹاف رپورٹر) ڈی جی رینجرز میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن معیاد اور رفتار کی قید سے آزاد ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہیگا۔آپریشن صرف جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کے لئے ہے ، مذہبی اور سیاسی جماعتیں جرائم پیشہ افراد کو اپنی صفوں میں جگہ نہ دیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو رینجرز ہیڈ کوارٹر سندھ کا دورہ کرنے والے آل پاکستان سیکورٹی سروسز ایسوسی ایشن کے 70 رکنی وفد سے ملاقات کے بعد انہیں بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ وفد کی سربراہی بریگیڈیئر رشید ملک کررہے تھے۔ ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اکبر نے وفد کو رینجرز ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں امن وامان اور رینجرز آپریشن سے متعلق بریفنگ دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے میجر جنرل بلال اکبر نے کہا کہ رینجرز آپریشن کسی ایک پارٹی کے خلاف نہیں بلکہ رینجرز کا مشن صرف جرائم پیشہ افراد کی سرکوبی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مذہبی وسیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے کہ وہ جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کو اپنی صفوں میں پناہ نہ دیں۔ڈی جی رینجرز نے مزید کہا کہ موجودہ آپریشن معیاد اور رفتار کی قید سے آزاد ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔ انہوں نے کراچی میں کام کرنیوالی سکیورٹی کمپنیز کو بھی خراج تحسین پیش کیا جو مشکل حالات میں بھی فرائض انجام دے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کمپنیز بھی اپنی سطح پر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کے ساتھ معلومات شیئر کریں گی جس کیلئے پاکستان رینجرز سندھ کی سطح پر لائحہ عمل واضح کیا جائیگا۔بریگیڈیئر رشید ملک اور شرکا نے رینجرز کی جانب سے کراچی میں امن وامان کیلئے کیے گئے اقدامات کو سراہا اور امید ظاہر کی کہ آپریشن اسی جذبے اور شدت کے ساتھ جاری رہے گا۔

مزید : صفحہ اول


loading...