ٹی ہاؤس میں امن مشاعرہ،نامور شعراء کے کلام پر سامعین جھوم اٹھے

ٹی ہاؤس میں امن مشاعرہ،نامور شعراء کے کلام پر سامعین جھوم اٹھے

ملتان(سپیشل رپورٹر) ڈسٹرکٹ کوارڈی نیشن آفیسر و ایڈمنسٹریٹر سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ ملتان زاہد سلیم گوندل نے کہا ہے کہ شاعر اور ادیب معاشرے کے نباض ہوتے ہیں، معاشرتی خرابیوں (بقیہ نمبر4صفحہ12پر )

کی نشاندہی کرتے ہوئے اصلاح کی راہ دکھا تے ہیں،امن کا درس دینے والی شاعر ی اور تحریروں سے شدت پسند سوچ کو شکست دی جا سکتی ہے، انہوں نے کہا کہ ملتان میں شعراء اور ادیب حضرات کو ٹی ہاؤس کی شکل میں بہترین پلیٹ فارم مہیا کر دیا گیا ہے جہاں خطے بھر کے نامور افراد ایک جگہ اکٹھا ہو کر ادب کو فروغ دے رہے ہیں ،ڈی سی او نے کہا کہ ضلعی حکومت نے جشن بہاراں کے سلسلے میں تقاریب کا آغاز کر دیا ہے، جس میں امن مشاعرے ، ادبی میلہ اور بیٹھک کا اہتمام کیا جائے گا ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ملتان ٹی ہاؤس میں منعقدہ امن مشاعرے میں اپنا کلام پڑھنے اور خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر امن مشاعرے میں امجد اسلام امجد،عباس تابش، عزیز شاہد ، خالد مسعود،اسلم انصاری، اصغر ندیم سید ،زاہد فخری ،شگفتہ الطاف،سلیمان گیلانی سمیت نامور شعراء نے اپنا کلام سنا کر سامعین کو سحر زدہ کر دیا۔ امن مشاعرے سے خطاب کرتے ہوئے ڈی سی او زاہد سلیم گوندل نے کہا کہ ملکی حالات میں مشاعرے و ادبی محافل شہریوں کے لئے ٹھنڈی ہوا کا جھونکا ہیں ،ضلعی حکومت ملتان ٹی ہاؤس کے پلیٹ فارم سے مثبت سرگرمیاں جاری رکھے گی ،اس موقع پر سیکرٹری جنرل خالد مسعود نے کہا کہ ملتان ٹی ہاؤس ہم سب کا ہے جس کو ادیبوں اور ادب دوستوں نے ملکر کامیاب کر نا ہے ،جنوبی پنجاب میں شاعری اورادب کے میدان میں بہت ٹیلنٹ ہے مگر بدقسمتی سے موثر پلیٹ فارم نہ ہو نے کے باعث نوجوان ادبی محافل سے دور ہوتے جارہے ہیں۔ قبل ازیں امن مشاعرے میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض شاکر حسین شاکر نے انجام دیئے جبکہ پروفیسر اسلم انصاری اورعزیز شاہد نے بطور مہمان خاص شرکت کی، مشاعرے میں ملک کے نامور شعراء امجد اسلام امجد ، زاہد فخری اور سلیمان گیلانی نے امن پر اپنا کلام سنایا تو سامعین جھوم اٹھے۔ بعد ازاں جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرتے ہوئے پروفیسر حسین سحر، منظر جاوید ، عباس ملک، حماد حسن ،اشفاق گجر، رضی الدین رضی اور قمر رضا شہزاد سمیت دیگر شعراء نے اپنا کلام پیش کیا۔

مزید : ملتان صفحہ آخر


loading...