پاکستان قدر تی وسائل سے مالا مال خطہ ہے ،محمود خان

پاکستان قدر تی وسائل سے مالا مال خطہ ہے ،محمود خان

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


پشاور( پاکستان نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر کھیل و ثقافت ، میوزیم اور امور نوجوانان محمود خان نے کہا ہے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالا مال ہے لیکن ضرورت مخلص قیادت کی ہے ، اگر آنے والے عام انتخابات میں پاکستان کے غیور عوام نے عمران خان پر اعتماد کیا تو پاکستان کا شمار دنیا کے بہترین ممالک میں ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں ضلع سوات سے تعلق رکھنے والے ایک وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت تحصیل ناظم مٹہ عبد اللہ خان نے کی ۔ محمود خان نے کہا کہ صوبائی حکومت وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کی قیادت میں صوبائی حقوق کے حصول کیلئے بھر پور جدوجہد کر رہی ہے جس کا مقصد لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پی کے۔84مٹہ سوات میں بجلی کی کم وولٹیج کے خاتمہ کیلئے بجلی کے پول اور ٹرانسفارمروں سمیت مٹہ بیہا فیڈر پر کروڑوں روپے خرچ کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی کام عوام پر احسان نہیں بلکہ یہ ان کا حق ہے جو عوام تک پہنچانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ایک تحریک ہے جو ملک کو جاگیرداروں ، کرپٹ سیاست دانوں اور لوٹ مار کرنے والوں کے چنگل سے آزاد کرے گی۔صوبائی وزیر نے وفد سے بات چیت ہوئے یقین دلایا کہ ان کے تمام مسائل کو متعلقہ حکام کے نوٹس میں لاتے ہوئے جلد از جلد حل کروایا جائے گا۔