مشرف کو جانے کی اجازت ، وزیراعظم نے ثابت کر دیا کہ وہ آمریت کی پیداوار ہیں ، سینیٹر تا ج حیدر

مشرف کو جانے کی اجازت ، وزیراعظم نے ثابت کر دیا کہ وہ آمریت کی پیداوار ہیں ، ...

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے سیکرٹری جنرل سینیٹر تاج حیدر نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف نے آئین شکن پرویز مشرف کو بیرون ملک جانے کی اجازت دیکرثابت کردیا ہے کہ وہ آمریت اور ڈکٹیٹر کی پیداوار ہیں ، قوم مطالبہ کرتی ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف کے آرٹیکل 6کے تحت غداری کا مقدمہ درج کیا جائے ۔پیپلز پارٹی نواز حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف بھر پور احتجا ج کریگی ۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتوار کو پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن کے تحت کراچی پریس کلب کے باہر ہونے والے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔مظاہرے سے پیپلز پارٹی کے رہنما راشد ربانی اور ندیم بھٹو نے بھی خطاب کیا جبکہ اس موقع پر شاہدہ رحمانی ،وقار مہدی ،جاوید ناگوری ،سردار خان ،لطیف مغل ،حبیب الدین جندی ،فرید انصاری، منظور عباس و دیگر بھی موجود تھے ۔تاج حیدر نے کہا کہ نواز شریف نے آمریت کی چھتری میں اپنی سیاست کا آغاز کیا ،پرویز مشرف نے دو مرتبہ آئین توڑا، نواز شریف آمر پرویز مشرف سے ڈیل کرکے بیرون ملک گئے آج نواز شریف نے اس احسان کا بدلہ ادا کردیا اور ایک معاہدے کے تحت پرویز مشرف کو بیرون ملک فرار کرایا گیا ۔انھوں نے کہا کہ جب نواز شریف پر دباؤ آتا ہے تو وہ پارلیمنٹ کی طرف بھاگتے ہیں اور سکھ کے دنوں میں آمریت کی چھتری تلے فیصلے کرتے ہیں ، انھوں نے کہا کہ قومی مطالبہ کرتی ہے کہ نوا ز اور مشرف ڈیل کو سامنے لایا جائے ۔انھوں نے کہا کہ عدالت عظمیٰ اس صورتحال کا نوٹس لے اور آئین توڑنے والا تو ملک سے فرار ہوگیا اسے دوبارہ گرفتار کرکے پاکستان لایا جائے ۔انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو کمزور سمجھنے والے یہ جان لیں کہ آج ملک میں جمہوریت ہماری وجہ سے ہے ،ہم نے پہلے بھی ملک کے لیے قربانی دی ہے اور آئندہ بھی اپنا لہو دینگے ۔پیپلز پارٹی کے رہنما راشد ربانی نے کہا کہ عدالت نے پیپلز پارٹی کے خلاف کبھی انصاف نہیں کیا ،پرویز مشرف کو ملک سے فرار کرانے کے زمہ دار نواز شریف اور چوہدری نثار ہیں انکے خلاف غدار ی کا مقدمہ درج کیا جائے ۔ندیم بھٹو نے کہا کہ نواز شریف سمجھ لیں کہ آج ان کی حکومت آصف زرداری کی مرہون منت ہے ،مشرف اور نواز آئین شکن ہیں انکے خلاف کاروائی ہونی چاہیے ۔

مزید : کراچی صفحہ آخر


loading...