تنگی میں نیشنل بینک کے قیام کی منظوری ہوچکی ،مولانا گوہر شاہ
چارسدہ (بیورورپورٹ)رکن قومی اسمبلی مولانا سید گوہر شاہ نے کہا ہے کہ تنگی میں نیشنل بینک کی قیام کی منظوری ہو چکی ہے مگر نا معلوم وجوہات کی بنا پر اس پر کام رکا ہو ا ہے ۔تنگی میں نیشنل بینک کا برانچ نہ ہونے کی وجہ سے ریٹائرڈ ملازمین پنشن کی وصولی کیلئے چارسدہ جانے پر مجبور ہے ۔وہ جمعیت علمائے اسلام تحصیل تنگی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ۔ اجلاس میں مرکزی ممبر حاجی حنیف اللہ حسرت، مولانا سید کمال شاہ امیر تحصیل تنگی ، مولانا خلیل الرحمان ، حاجی عبد الوکیل ، قاری محمدجان ، ملک آمان اللہ اور حاجی دانشمند بھی موجود تھے۔ مولانا سید گوہر شاہ نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہوتی ہے کہ وہ عوام کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کریں مگر وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام کے مسائل حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں رکھتے ۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل بینک تنگی برانچ کی منظور ہو چکی ہے لیکن بعض قوتیں اس کی راہ میں رکاوٹیں ڈال رہے ہیں۔ اجلاس میں تین اپریل کو جامعہ اسلامیہ تنگی کے سالانہ دستار بندی کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی اور تمام ساتھیوں کو دستار بندی تقریب میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی۔اجتماع سے جیدعلمائے کرام خطاب کرینگے۔