پاکستان کی عالمی عسکری اتحاد میں شمولیت قومی امنگوں کے مطابق ہے،طاہر اشرفی
لاہور(اے این این )پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ دہشتگردی ،انتہاپسندی کیخلاف 34ملکوں کا اتحاد امت مسلمہ کی دعاؤں کا نتیجہ ہے،شام،عراق اور یمن میں دہشتگرد تنظیموں کی سرپرستی کرنے والے اس اتحاد کا حصہ کیسے بن سکتے ہیں،پاکستان کی عالمی عسکری اتحاد میں شمولیت قومی امنگوں کے مطابق ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں علماء کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہاپسندی نہ صرف عالم اسلام بلکہ پوری دنیا کیلئے وقت کا اہم ترین مسئلہ بن چکا ہے۔سعودی عرب اور دیگر اسلامی ممالک نے دہشتگردی اور انتہاپسندی کیخلاف مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کرکے اسلام اور مسلمانوں پر لگائے جانے والے الزامات کی نفی کرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسلام ،قرآن اور جہاد کے نام پر مسلمانوں کی نوجوان نسل کو یرغمال بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ایسے گروہوں کیخلاف مسلمانوں کا متحد ہوجانا ایک مثبت سمت قدم ہے۔انہوں نے کہا کہ عالمی عسکری اتحاد کے ساتھ ساتھ عالمی فکری اتحاد کی بھی ضرورت ہے۔جس کی طرف مذہبی و سیاسی قائدین کو توجہ دینی ہوگی اور پاکستان علماء کونسل عالمی فکری نظریاتی اتحاد کے قیام کیلئے عالمی سطح پر کوششیں کررہی ہے۔