شاہد آفریدی کو کپتانی سے ہٹایا جائے، پنجاب اسمبلی میں قرار داد جمع کرا دی گئی
لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت سے شکست کے بعد قومی ٹی ٹونٹی کپتان شاہد آفریدی کو عہدے سے ہٹانے اور کرکٹ بورڈ میں تبدیلیوں کے لیے پنجاب اسمبلی میں قرار دادیں جمع کرا دی گئیں ہیں ۔یہ وہی پنجاب اسمبلی ہے جہاں خواتین کے حقوق کا بل صرف ایک ’حکم‘ پر پاس کردیا گیا تھا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹی ٹونٹی کپ میں بھارت کے ہاتھوں شکست پر جہاں شائقین کرکٹ آفریدی اور پی سی بی کے ذمہ داران سے ناراض ہیں وہیں پنجاب اسمبلی کے اراکین نے بھی ان کی تبدیلی کے لیے ایوان میں قرار دایں جمع کرا دی ہیں ۔ مسلم لیگ ن کے ایم پی اے میاں طاہر جمیل نے اپنی قرار داد میں کہا ہے کہ شاہد آفریدی کہ قیادت پر ٹیم کے کھلاڑی متفق نہیں ہیں اس لیے انہیں ہٹا کر نیا کپتان لایا جائے تاکہ تمام کھلاڑی یک جان ہو کر کھیلیں اور ٹیم کو کامیابی سے ہمکنا ر کرا سکیں ۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی تشکیل نو کے حوالے سے قرار داد پاکستان تحریک انصاف کے رہنمااور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے جمع کرائی جس میں انہوں نے موقف اختیار کیا ہے کہ کرکٹ بورڈ میں موجود من پسند افراد کو باہر نکالا جائے اور انکی جگہ ماضی کے نامور کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کی جائیں ۔
یاد رہے کہ عمران خان نے بھارت جاکر پاکستان ٹیم کو کچھ مشورے دئیے تھے اور اس بات کا غصہ حکومتی حلقوں میں محسوس کای جاسکتا ہے ،اس کا اظہار وزیر قانون رانا ثناء اللہ خان نے آج پنجاب اسمبلی کے باہر کرتے ہوئے طنزیہ انداز میں عمران خان پر تنقید بھی کی۔