لاہور(نامہ نگار خصوصی )ممتاز سماجی شخصیت اورمعروف بیوروکریٹ سابق ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب سید فضل حسین شاہ انتقال کرگئے ۔مرحوم کی عمر 79سال تھی ،ان کی نماز جنازہ 22مارچ کو ایک بجے دوپہر جامعة المنتظرایچ بلاک ماڈل ٹاﺅن لاہور میں ادا کی جائے گی ۔وہ پٹیالہ (بھارت)کے ممتاز سید خاندان میں پیدا ہوئے ،ان کے والد سید رضا محمد شاہ پٹیالہ میں سیشن جج تھے جوقیام پاکستان کے موقع پرشہادت کے درجہ پر فائز ہوئے اور انہیں بعد میں تحریک پاکستان میں نمایاں خدمات پر گولڈ میڈل سے بھی نوازا گیا ۔سید فضل حسین شاہ کا شمار اچھی شہرت کے حامل ان بیوروکریٹس میں ہوتا ہے جنہوں نے اپنی پوری زندگی قوم کی خدمت کے لئے وقف کئے رکھی ۔مرحوم متعدد کتابوں کے مصنف بھی تھے ۔ "دور کی آواز"کے عنوان سے ان کے افسانے شائع ہوچکے ہیں جبکہ تحریک پاکستان اور قیام پاکستان کے حوالے سے بھی انہوں نے تفصیلی تحریری کام کیا ۔
مرحوم چار اضلاع میں ڈپٹی کمشنر جبکہ ملتان میں بطور کمشنر تعینات رہے ۔انہوں نے سیکرٹری لیبر اور ڈی جی اینٹی کرپشن کے طور پر بھی خدمات انجام دیں ،وہ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور پنجاب سروس پبلک سروس کمشن کے رکن بھی رہے ،انہوں نے کچھ عرصہ وفاقی محتسب کے ساتھ بھی کام کیا ۔مرحوم نے پسماندگان میں ایک بیٹی سیدہ فرح رضا اور4بیٹے سید حسن رضا ،ڈاکٹر عباس رضا ،عمران رضا اور سید شہزا درضاسوگوار چھوڑے ہیں ۔ان کے بڑے بیٹے حسن رضا شاہ یو ایس ایڈ کے ساتھ منسلک ہیں جبکہ ڈاکٹر عباس رضا شوگر کے معروف معالج ہیں اور عمران رضا ایک معروف جرمن کمپنی کے ساتھ خدمات انجام دے رہے ہیں