دیواریں گندی کرنے والوں کو قید اور جرمانہ ہو گا ، پینٹرز کو بھی پکڑا جائیگا

دیواریں گندی کرنے والوں کو قید اور جرمانہ ہو گا ، پینٹرز کو بھی پکڑا جائیگا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور (جنرل رپورٹر)حکومت پنجاب نے فوری طورپر وال چاکنگ اور پوسٹر لگانے پر پابندی لگانے بارے حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے تاکہ شہر وں کی خوبصورتی کو اس وال چاکنگ اور پوسٹر سے داغدار نہ ہونے دیا جائے۔اس سلسلے میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز،چیف افسران، میونسپل کارپوریشن، ضلع کونسل اور میٹرو پولیٹین کارپوریشن کو اس پر سختی سے عمل در آمد کا پابندکیا جا رہا ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013ء کی رو سے یہ عمل ایک جرم ہے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کو 2000 روپے سے لے کر 25000روپے تک جرمانہ اور 6ماہ قیدکی سزا دی جا سکے گی۔اس سلسلے میں انسپکٹر جنرل پنجاب پولیس اور فیلڈ پولیس فارمیشن کو بھی اس مہم میں شامل کیا جارہاہے اس امر کا اظہار صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ محمد منشاء اللہ بٹ نے اس سلسلے میں اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری بلدیات،ایڈیشنل سیکر ٹری بلدیات،پلاننگ آفیسر بلدیات بھی موجود تھے۔صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ صوبہ کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حکومتی ہدایات پر سختی سے عمل کروائیں تاکہ وال چاکنگ اور پوسٹر لگا کر شہروں کی خوبصورتی کو داغدار کرنے والے مافیا کے گرد سخت گھیرا ڈال کر ان کو کیفر کردار تک پہنچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس مہم کو وسیع پیمانے پر اجاگر کرنے کے لئے لوگوں کوشعور یافتہ کرنے کے لئے مقامی سطح پرالیکٹرانک و پرنٹ میڈیا کے ذریعے آگاہی فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لکھنے والے پینٹرز حضرات کو بھی کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا۔