ڈی جی جنگلی حیات نے فنڈز کے حوالے سے رپورٹ مانگ لی

ڈی جی جنگلی حیات نے فنڈز کے حوالے سے رپورٹ مانگ لی

  



لاہور(نمائندہ خصوصی) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے صوبہ بھر کے ریجنل افسران کوہدایت کی ہے کہ وہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت فنڈز کے استعمال بارے 2یوم کے اندر یو ٹیلائزیشن پلان بناکر پیش کریں تاکہ فنڈز کے استعمال میں غفلت کے مرتکب افسران پر ذمہ داری تعین کرکے ان کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے۔ جب تک فنڈز یو ٹیلائزیشن پلان تیار نہیں کرلیے جاتے تمام افسران ہیڈ آفس میں موجود رہیں اور اپنا پینڈنگ کام مکمل ہونے کی صورت میں واپس جائیں۔ انہوں نے یہ با ت اپنے دفتر میں سالانہ ترقیاتی پروگرام پر کام کی رفتارکا جائزہ لینے کیلئے بلائے گئے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم بھٹی ، ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر چودھری شفقت علی،ڈپٹی ڈائریکٹر سفاری زو سید ظفر الحسن، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود ،ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف مانیٹرنگ اینڈایو یلیوایشن میاں حفیظ احمد کے علاوہ صوبہ بھر کے ریجنل افسران بھی موجودتھے ۔ڈی جی جنگلی حیات نے افسران پر زور دیا کہ وہ گٹ والا وائلڈلائف پارک ، بھاگٹ وائلڈلائف پارک ، بہاولپورچڑیاگھر اور پیرووال وائلڈلائف پارک خانیوال کی ان فنڈڈ سکیموں بارے 31مئی تک پی سی ون بنا کرپیش کریں ہدایات پر عدم عملدرآمد کی صورت میں سخت محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے لاہور چڑیا گھر کے افسران کو بھی ہدایت کی کہ وہ نئے دیسی و بدیسی جانوروں کی خریداری کے عمل کو مزید تیز کریں تاکہ اس منصوبے کے مکمل ہونے پر تفریح کے لیے آنیوالے بچوں اور بڑوں کو تفریح کے زیادہ مواقع فراہم کئے جا سکیں۔

مزید : میٹروپولیٹن 1


loading...