جلد گلگت بلتستان،بلوچستان جدیدپاکستان کی عکاسی کرینگے،برجیس طاہر

جلد گلگت بلتستان،بلوچستان جدیدپاکستان کی عکاسی کرینگے،برجیس طاہر

  



اسلام آباد(سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیربرائے اُمور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل قریب میں پاکستان کی شاندار ترقی کا محور گلگت بلتستان اور بلوچستان کے علاقے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک کا بیس کیمپ ہونے کی حیثیت سے آنے والے دنوں میں گلگت بلتستان کا علاقہ پاکستان کی معاشی ترقی کا بھی بیس کیمپ بنے گا جس سے اس علاقے کے عوام کی زندگی میں خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت گلگت بلتستان کے عوام کے مسائل کے حل اور اُن کی خوشحالی کے لیے ترجیجی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان قانون سازاسمبلی کے انتخابات کے موقع پر نئے اضلاع کے قیام سمیت دیگر کئی وعدے قلیل مدت میں پورے کر دیے گئے ہیں اور دیگر وعدوں پر عمل درآمد پر پیش رفت تیزی سے جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جگلوٹ سکردو روڈ گلگت بلتستان کے عوام کا ایک دیرانہ مطالبہ تھا جس پر بڑی تیزی سے پیش رفت کی جارہی ہے اور اس سڑک کی تعمیر سے گلگت بلتستان کے عوام کو تعلیم و صحت کی سہولتوں سمیت معاشی لحاظ سے بے پناہ فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ حکومت سی پیک کے تحت گلگت بلتستان کے منصوبوں اور دیگر PSDP کے منصوبوں پر بھی بھرپور توجہ دے رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ چند ہفتے قبل انہوں نے خود PSDP کے منصوبوں پر ایک تفصیلاً بریفینگ لی اور ان منصوبوں میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے عملی اقدامات لینے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ PSDP کے منصوبوں کی پیش رفت جانچنے کے لیے وہ ہر تین ماہ بعد جائزہ لیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ PSDP کے منصوبوں پر تیزی سے عملدرآمد کے لیے گلگت بلتستان حکومت کی Capacity بڑھانے کی بھی بات کی گئی ہے اور اُمید ہے کہ ان منصوبوں پر جلد کام مکمل کر لیا جائے گا۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان گلگت بلتستان کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں اور یہی وجہ ہے کہ انہوں نے متعدد بار گلگت بلتستان کا دورہ کر کے وہاں جاری ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لیا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ گلگت بلتستان سیاحت کے حوالے سے بڑا potential رکھتا ہے اور وفاقی حکومت گلگت بلتستان میں غیر ملکی سیاحت کو بڑھانے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے ۔سیکیورٹی کی صورت حال میں بہتری سے گزشتہ سال 10 لاکھ سے زاہد مقامی سیاحوں نے گلگت بلتستان کا رُخ کیا جس میں اس سال اور بھی زیادہ اضافے کی اُمید ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملکی و غیر ملکی سطح پر گلگت بلتستان میں سیاحت کے فروغ کے لیے کوششیں جاری رکھی ہوئی ہے اور اگر امن وامان ،معاشی خوشحالی اور سیاسی استحکام اسی طرح قائم رہا تو عنقریب گلگت بلتستان بین الاقوامی سیاحت کے حوالے سے دنیا کے ایک بڑے مرکز کے طورپر سامنے آئے گا۔چوہدری محمدبرجیس طاہر نے کہا کہ سیاحت کے علاوہ گلگت بلتستان منرلزاور ہائیڈل پاورکے سیکٹر میں بے پناہ Potential ہے جس کے بہترین استعمال سے نہ صرف گلگت بلتستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے بلکہ پورے پاکستان کی معیشت پر بھی اس کے مثبت اثرات پڑیں گے۔

مزید : راولپنڈی صفحہ آخر


loading...