صوبائی حکومت دوردراز علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں ،محب ا ﷲ

صوبائی حکومت دوردراز علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور اقدامات کررہے ہیں ،محب ا ﷲ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

پشاور( سٹاف رپورٹر )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک اور ماہی پروری محب اﷲ خان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت صوبے کے دور دراز علاقوں کو ترقی سے ہمکنار کرنے اور عوام کے جملہ مسائل و مشکلات حل کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کررہی ہے ۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے کانجو سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیاجبکہ اجتماع سے پی ٹی آئی ضلع سوات کے رہنماؤں سعید خان ،فضل مولا،امجد کمال زئی اور حاجی محمد رحمن نے بھی خطاب کیا۔اس موقع پر مختلف سیاسی پارٹیوں کے کارکنان کسان کونسلر ابراہیم، جمال خان، محمد علی شاہ، بخت کرم، ناصر ،انور سعید ،سلمان، امیر زادہ اور اکبر زادہ نے اپنے خاندانوں اور دوستوں سمیت اپنی پارٹیوں سے مستعفی ہو کر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کیا۔محب اﷲ خان نے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے والوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہیں پارٹی میں با عزت مقام دیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ عوام ملک سے کرپشن ،لوٹ مار اور ناانصافیوں کے خاتمے اور ایک پُر امن معاشرے کے قیام کیلئے پارٹی قائد عمران خان کی قیادت میں متحد ہو کر ان کے ہاتھ مظبوط کریں۔ انہو ں نے کہا کہ کرپشن اور سفارش نے ہمارے نظام کو کھوکھلاکر دیا تھا جس پر قابو پانے کے لئے صوبائی حکومت نے ٹھوس اور عملی اقدامات کئے ہیں اور آج ہم عوام کے سامنے برملا اس کا اظہار کرسکتے ہیں کہ کرپشن اور سفار ش کا کلچر خاتمے کے قریب پہنچ چکے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے گزشہ ساڑھے تین سال میں صوبائی اسمبلی سے سود کے خاتمے سمیت سو سے زیادہ قوانین پاس کرائے ہیں جبکہ ماضی میں اس ضمن میں کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔انہو ں نے پارٹی کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ صوبے کی تمام تحصیلوں ، ضلعوں اور یونین کونسلوں کی سطح تک جہاں عوامی مسائل نظر آئیں ان سے حکومت کو آگاہ کریں تاکہ بروقت ان کو حل کرکے عوام کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے ۔