2013ء کے الیکشن میں 2ممالک نے نوازشریف کی مدد کی، ملک میں میرٹ کا قتل عام کیا گیا ،اہل لوگوں کو بٹھائیں گے تو ادارے خود بخود ٹھیک ہو جائیں گے:عمران خان

2013ء کے الیکشن میں 2ممالک نے نوازشریف کی مدد کی، ملک میں میرٹ کا قتل عام کیا ...
2013ء کے الیکشن میں 2ممالک نے نوازشریف کی مدد کی، ملک میں میرٹ کا قتل عام کیا گیا ،اہل لوگوں کو بٹھائیں گے تو ادارے خود بخود ٹھیک ہو جائیں گے:عمران خان

  



اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان کے ہرالیکشن میں بیرونی ممالک مداخلت کرتے ہیں ،2013ء کے الیکشن میں نوازشریف کی 2ممالک نے مددکی ،ہمیں بھی مڈل ایسٹ کے ایک ملک نے مددکی پیشکش کی جوہم نے مستردکردی ،ملک میں میرٹ نام کی کوئی چیزنہیں ،نوازشریف کے غلام کواہم عہدہ مل جاتاہے ،اہل لوگوں کواداروں پربٹھائیں گے توادارے خودٹھیک ہوجائیں گے ۔

نجی ٹی وی چینل ’’اے آر وائے نیوز‘‘ کے پروگرام ’’پاور پلے ‘‘ میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے  عمران خان  نے کہاکہ پاکستان میں ہرسال دس ارب کی کرپشن ہوتی ہے ،جس سے ملک مقروض ہورہاہے ،غریب مزیدغریب ہورہاہے اورایک چھوٹاساطبقہ امیرہورہاہے ۔انہوں نے کہاکہ ملک میں میرٹ کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں ،اہم عہدوں پرکرپٹ افرادبیٹھے ہوئے ہیں اوران لوگوں کوعہدے ملتے ہیں جونوازشریف کے غلام ہیں۔اسحاق ڈارنے لکھ کردیاتھاکہ وہ نوازشریف کے لئے منی لانڈرنگ کرتے ہیں ،انہیں وزیرخزانہ بنایاگیاہے اوراسحاق ڈاراس شخص کے وزیرخزانہ ہیں جس کیلئے وہ منی لانڈرنگ کرتے تھے ۔عمران خان نے کہاکہ اداروں پرکرپٹ اورنااہل لوگ بیٹھاکراداروں کوتباہ کیاجارہاہے ،اہل افرادکواداروں پربیٹھائیں توادارے خودبخودٹھیک ہوجائیں گے ۔خیبرپختونخواہ میں ہم نے پولیس کوٹھیک کیاہے اورباقی اداروں کوٹھیک کررہے ہیں ،انصاف کامطلب یہ ہے کہ قانون سب کیلئے برابرہو،لیکن پاکستان میں امیرکیلئے اورقانون ہے اورغریب کیلئے الگ قانون ہے ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کے ہرالیکشن میں بیرونی مداخلت ہوتی ہے اورہمیں مفادات کے لئے بیرونی ممالک استعمال کرتے ہیں ۔2013ء کے الیکشن میں دوممالک نے نوازشریف کی مالی مددکی تھی ،ہمیں بھی مڈل اہلیت کے ایک ملک نے مالی مددکی پیشکش کی تھی ،جوہم نے قبول نہیں کی ۔انہوں نے کہاکہ جب سے پانامہ کیس چلاہے وزیراعظم نوازشریف فیتے کاٹناشروع ہوگئے ،اورہرروزایک نیافیتاکاٹاجارہاہے ،نوازشریف پانامہ کیس میں بری نہیں ہوسکتے ،نوازشریف پانامہ کیس سے نکلنے کیلئے کسی سے ڈیل کرسکتے ہیں ،پانامہ کیس میں  منی ٹریل نہ دینے والوں کے اثاثے منجمدہونے چاہئیں ، پانامہ کیس نے نوازشریف کوکمزورکردیا ۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے اپنے غلاموں کو اہم عہدوں پر بٹھا رکھا ہے ،میں بھی اپنے دوستوں اور رشتہ داروں کو کرکٹ ٹیم  میں نوازنا شروع کر دیتا تو پاکستان کبھی ورلڈ کپ نہ جیت سکتا ،لوگوں کو پانامہ کے فیصلے کا بڑی شدت سے انتظار ہے ،میں نے تو باہر جانا ہی چھوڑ دیا ہے کیونکہ ہر جگہ لوگ پانامہ کے بارے میں سوال کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا المیہ یہ ہے کہ یہاں طاقتور اور غریب کے لئے الگ الگ قانون ہے ،بڑے بڑے چوروں کو کبھی وکیل بچا لیتے ہیں ،کبھی این آر او آ جاتا ہے اور کبھی مک مکا اور کمپرو مائز کر لیا جاتا ہے ،ڈان لیکس اور میمو گیٹ پر کمیشن بنانے کا فائدہ کیا ہے اگر انہوں نے عمل ہی نہیں کرنا ،پانامہ لیکس نے نواز شریف کو کمزور کر دیا ہے،نواز شریف پانامہ سے نکلنے کے لئے پیپلز پارٹی سمیت ہر جماعت سے ڈیل کرنے کی کوشش کریں گے ۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کے منہ سے آج تک کلبھوشن یادو کے خلاف کوئی بات نہیں نکلی ،وہ سمجھتے ہیں کہ انڈین لابی امریکہ میں بڑی مضبوط ہے اور وہ انہیں پانامہ سے بچانے کے لئے امریکہ میں لابنگ کرے گی ۔

مزید : قومی /اہم خبریں